Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متحدہ عرب امارات کے صدر سے شہباز شریف کی ملاقات، دورہ پاکستان کی دعوت

وزیراعظم شہباز شریف نے تنازعات کے خاتمے کے لیے امارات کی سفارتی کوششوں کی تعریف کی (فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ابوظبی میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کی۔
اماراتی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق دونوں رہنماؤں کی یہ ملاقات قصر الشاطیٔ میں ہوئی جس میں دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے اور اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس ملاقات میں متحدہ عرب امارات کے صدر اور پاکستان کے وزیراعظم نے ایک دوسرے کو عید الاضحیٰ کی مبارک باد بھی دی۔ 
دونوں رہنماؤں نے اپنے ممالک میں خوش حالی اور مسلم دنیا سمیت دنیا بھر میں امن کے لیے دعائیں کیں۔
ملاقات میں اقتصادی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کا خاص طور پر جائزہ لیا گیا، دونوں رہنماؤں نے سٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
اماراتی صدر اور پاکستان کے وزیراعظم نے موجودہ علاقائی چیلنجز پر بھی بات چیت کی اور امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے عالمی کوششوں کی حمایت کا عزم کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مذاکرات کو آگے بڑھانے اور تنازعات کے خاتمے کے لیے متحدہ عرب امارات کی سفارتی کوششوں کی تعریف کی اور پاکستان کی ترقی کے لیے یو اے ای کی مسلسل حمایت کو سراہا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق ’وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے میں تعمیری کردار ادا کرنے پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔‘
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
 ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

شیئر: