انڈین سپریم کورٹ نے چڑیا گھر کی تیاری اور جانور لانے کے لیے ’غیرقانونی ذرائع کے استعمال کے الزامات‘ کے بعد ملک کے امیر ترین شخص کے بیٹے کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ونتارا نامی ’دنیا کے سب سے بڑے چڑیا گھر اور ریسکیو سینٹر‘ کو ارب پتی مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی چلاتے ہیں۔
سینٹرل زو اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے مغربی حصے میں واقع ریاست میں بنائے جانے والے اس چڑیا گھر میں 200 سے زائد ہاتھیوں کے علاوہ 50 ریچھ، 160 شیر، 200 ببر شیر، 250 تیندوے اور 900 مگرمچھ موجود ہیں، جبکہ ان کے علاوہ دوسرے جانور بھی رکھے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں
جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے اداروں کے کارکن اس جنگل پر تنقید کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ معدومیت کے خطرے سے دوچار جانوروں کو آئل ریفائنری کمپلیکس کے قریب رکھا گیا ہے اور جانوروں کو واپس جنگل میں بھجوانے کے حوالے سے بھی کوئی منصوبہ موجود نہیں ہے۔
معاملہ عدالت تک پہنچنے کے بعد پیر کو سپریم کورٹ نے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں کام کرنے والی ایک تحقیقاتی ٹیم بنانے کا حکم دیا وہ جانوروں کی مبینہ غیرقانونی منتقلی اور منی لانڈرنگ کے الزامات کی جانچ کرے۔
عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ ٹیم اس بات کا جائزہ بھی لے گی کہ آیا گجرات کا سخت موسم جانوروں کے لیے موزوں ہے یا نہیں اور ان شکایات کا بھی کہ جانوروں کو ذاتی خودنمائی کے لیے جمع کیا گیا ہے۔
عدالت کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ اقدام جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے اداروں کی شکایات اور میڈیا رپورٹس کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔
مارچ میں جرمن اخبار زودائچن زائتونگ نے رپورٹ شائع کی تھی کہ 2024 میں تقریباً 39 ہزار جانور درآمد کیے گئے اور ان میں کانگو، یو اے ای اور وینزویلا سے منگوائے گئے جانور بھی شامل ہیں۔

چڑیا گھر کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملک بھر سے خصوصی ٹرکوں کے ذریعے ہاتھیوں کو وہاں منتقل کیا گیا۔
انتظامیہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ تحقیقات میں ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے اور شفافیت اور قانون کی تعمیل کے لیے پرعزم ہے۔
’ہمارا مقصد اور توجہ جانوروں کے تحفظ، ان کی بحالی اور دیکھ بھال پر مرکوز ہے۔‘
2024 میں اننت امبانی کے کئی روز پر مشتمل شادی کی تقریبات میں کچھ اسی چڑیا گھر میں بھی منعقد ہوئی تھیں، جن میں پاپ سٹارز ریہنہ، جسٹن بیپر اور کیٹی پیری نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا تھا۔
یہ ایک مشہور چڑیا گھر ہے جہاں کا دورہ کچھ عرصہ قبل وزیراعظم نریندر مودی نے بھی کیا تھا۔