Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب میں سیلاب، وزیراعلیٰ مریم نواز کا متاثرہ سڑکیں اور پُل بحال کرنے کا حکم

پاکستان کے صوبہ پنجاب کی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سیلاب سے متاثر ہونے والے اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو سیلاب کی آمد سے قبل بروقت انخلاء پر آمادہ کیا جائے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے بدھ کی شب صوبے کے ڈپٹی و اسسٹنٹ کمشنرز کے ساتھ ویڈیو لنک خطاب کے دوران سیلاب کے دوران جانی نقصانات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سیلاب سے متاثرہ سڑکوں اور پلوں کو مکمل کر کے بحال کرنے کا حکم دیا۔
انہوں نے انتظامیہ کو گھروں، لائیوسٹاک اور فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کی تفصیلات تیار کا حکم بھی دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’ہر ضلعے میں ہنگامی صورت حال کے دوران انسانی وسائل کو اکٹھا کر کے استعمال کرنا ڈی سی کی ذمہ داری ہے۔ لاہور میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر بروقت انخلاء یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز سب کو فیلڈ میں ہونا چاہیے۔‘
انہوں نے ہدایت کہ ’متاثرین کے لیے ریلیف کیمپوں کا ماحول اچھا ہونا چاہیے۔ ادویات کھانا اور ٹینٹ وغیرہ بھی مہیا کیے جائیں۔ ڈینگی، ملیریا، ہیضہ اور جلدی امراض کے لیے ادویات کا بھرپور سٹاک ہونا چاہیے۔‘
’فوج مشکل حالات میں اپنے عوام کے ساتھ کھڑی ہے‘
اس سے قبل پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا تھا کہ آرمی چیف کی ہدایت پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں فوج کے افسران اور جوان امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔  دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے کے بالائی حصوں میں مون سون بارشوں کے 9 ویں سپیل کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
بدھ کو اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ اور چیئرمین این ڈی ایم اے کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ’فوج مشکل حالات میں اپنے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ اب تک فوج 28 ہزار لوگوں کو ریسکیو کر چکی ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے دوران پاک فوج کے دو جوان شہید جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں۔ صوبہ خیبرپختونخوا اور گلگت میں سیلاب سے متاثر ہونے والے تین بڑے پلوں کو بحال کردیا گیا جبکہ آزاد کشمیر میں بھی بحالی کے لیے فوج کی بٹالینز مصروف عمل ہیں۔‘

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ فوج مشکل حالات میں اپنے عوام کے ساتھ کھڑی ہے (فائل فوٹو: روئٹرز)

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ’فوج کے انجینیئرز نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر سڑکیں کلیئر کی ہیں اور اس وقت کرتار پور میں ایک بڑا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں 29 میڈیکل کیمپس قائم کیے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاک فوج کا ان حالات میں بھی خارجیوں کے خلاف آپریشن جاری ہے تاکہ وہ کسی صورت حال کا فائدہ نہ اٹھا سکیں۔‘
واضح رہے کہ کرتارپور دربار صاحب سے مقامی یاتریوں سمیت 100 سے زائد افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ’پنجاب کے تین دریاؤں میں سیلابی صورتحال ہے۔ این ڈی ایم اے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے مکمل رابطے میں ہے۔‘

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پنجاب کے تین دریاؤں میں سیلابی صورتحال ہے (فوٹو: ویڈیو گریب)

انہوں نے کہا کہ ’دریائے ستلج میں گنڈاسنگھ والا، دریائے چناب میں مرالہ اور مرالہ سے ہیڈ خانکی کی طرف پانی کا بہاؤ بڑھ گیا ہے۔ خانکی کے مقام پر 10 لاکھ کیوسک سے بڑھ چکا ہے۔ قادر آباد یی طرف پانی کا بہاؤ بڑھے گا جہاں مقامی حکام اور ضلعی انتظامیہ کو شہریوں کے انخلاء کے حوالے سے این ڈی ایم اے نے مطلع کر دیا ہے۔‘
عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ ’وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی اور پیشگی اطلاع کے نظام کو مؤثر بنانے اور ریلیف سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔‘
‘دریائے راوی میں جسڑ اور شاہدرہ کی طرف صورت حال قدرے بہتر ہے۔ یہ نیشنل رسپانس ہے جس میں پاک فوج اور تمام ادارے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔‘
پنجاب کے بالائی حصوں میں مون سون بارشوں کے 9ویں سپیل کا الرٹ جاری کردیا
پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے کے بالائی حصوں میں مون سون بارشوں کے 9 ویں سپیل کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
بدھ کو جاری کردہ بیان میں پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ’ 29 اگست 2 ستمبر تک پنجاب کے بیش تر اضلاع میں شدید طوفانی بارشوں کی پیش گوئی ہے۔‘
راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانولہ، لاہور، گجرات اور سیالکوٹ میں بارشیں متوقع ہیں۔
اس کے علاوہ ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔

راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانولہ، لاہور، گجرات اور سیالکوٹ میں بارشیں متوقع ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

پی ڈی ایم اے کے ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ’مون سون بارشوں سے پنجاب کے دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں سیلابی صورتحال ہے۔ دریائے چناب راوی اور ستلج میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث ندی نالے بپھر سکتے ہیں۔ محکمہ صحت آبپاشی  تعمیر و مواصلات لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کو الرٹ جاری کر دیاگیا ہے۔‘

 

شیئر: