Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایپل ایونٹ‘ کا لوگو ’آئی فون 17 پرو‘ کی کن خصوصیات کی جانب اشارہ کر رہا ہے؟

’آئی فون 17‘ سیریز پانچ رنگوں میں ریلیز ہو گی (فائل فوٹو:)
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اعلان کیا ہے کہ ’ایپل ایونٹ‘ آئندہ ماہ کی نو تاریخ کو منعقد ہو گا۔
’اے ڈراپنگ‘ کے نام سے منسوب اس تقریب میں ایپل کی جانب اس کی نئی مصنوعات لانچ کی جاتی ہیں۔
’میک رومر‘ کے مطابق آئندہ ماہ ہونے والے ایونٹ میں متوقع طور پر ’آئی فون 17‘ سیریز بھی لانچ کی جائے گی۔ ’آئی فون 17‘ سیریز کے دو اہم فیچر اس کے منفرد رنگ اور اس کا جدید کولنگ سسٹم ہو گا۔

نئے رنگ

رپورٹس کے مطابق ’آئی فون 17‘ سیریز کے موبائل پانچ مختلف رنگوں میں دستیاب ہوں گے۔ ان رنگوں میں سیاہ، سفید، سرمئی، ڈارک بلیو اور نارنجی رنگ شامل ہے۔
ایپل ایونٹ کے لیے جاری کیے گئے نئے لوگو (مونوگرام) میں بھی یہی نیلا اور نارنجی رنگ نمایاں ہیں جسے ممکنہ طور پر نئے کلر آپشنز کا اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔

ویپر چیمبر کولنگ سسٹم

’آئی فون 17‘ پرو میں پہلی بار ویپر چیمبر کولنگ سسٹم متعارف کروایا جا سکتا ہے۔ یہ ٹیکنالوجی فون کو زیادہ گرم ہونے سے بچائے گی اور خاص طور پر گیمنگ یا پھر بھاری ایپلیکیشنز کے استعمال کے دوران کارکردگی کو مستحکم رکھے گی۔
ماہرین کے مطابق یہ نظام نئے ’اے 19 پرو چپ‘ کو زیادہ دیر تک اپنی مکمل کارکردگی پر چلانے میں مدد فراہم کرے گا۔

سب سے پتلا فون

ایونٹ میں سب کی توجہ کا مرکز ’آئی فون 17 ایئر‘ ہو سکتا ہے جسے ایپل کا سب سے پتلا فون قرار دیا جا رہا ہے اور یہ متوقع طور پر ’آئی فون 17‘ سیریز میں شامل ہوگا۔
’آئی فون 17 ایئر‘ کی موٹائی صرف 5.5 ملی میٹر اور ڈسپلے 6.6 انچ ہو گی۔ یہ قیاس آرائیاں بھی ہیں کہ یہ ماڈل آئی فون پلس کی جگہ لے گا۔

’آئی فون 17 ایئر‘ کی موٹائی صرف 5.5 ملی میٹر اور ڈسپلے 6.6 انچ ہو گی (فائل فوٹو:  میک رومر)

’آئی فون 17‘ کے فیچرز

’آئی فون 17 پرو‘ اور پرو میکس ماڈلز کو مزید طاقتور بنانے کے لیے کئی بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔
ان موبائلوں میں ’اے 19 پرو‘ یا ممکنہ طور پر ’اے 18‘ چِپ شامل ہوگی جبکہ ریم کو بڑھا کر 12 جی بی کر دیا جائے گا تاکہ کارکردگی اور رفتار میں نمایاں بہتری لائی جا سکے۔
کیمرہ سیکشن میں بھی اہم اپ گریڈ متوقع ہیں جس میں 48 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرا اور 8 کے (8K) ویڈیو ریکارڈنگ کی سہولت شامل ہوگی۔ اس کے ساتھ نیا بٹن لے آؤٹ اور کیمرہ ڈیزائن بھی صارفین کے تجربے کو بدل سکتا ہے۔
یہ تمام فیچرز آئی او ایس 26 کے نئے ورژن کے ساتھ آئیں گے جو مزید جدید فیچرز اور بہتر انٹرفیس فراہم کرے گا۔

تمام نئے آئی فونز آئی او ایس 26 کے ساتھ آئیں گے (فائل فوٹو: میک رومر)

رپورٹ کے مطابق تمام نئے آئی فونز آئی او ایس 26 کے ساتھ آئیں گے۔ اس ورژن میں ایپل انٹیلیجنس، لائیو ٹرانسلیشن، کال سکریننگ اور نئے ڈیزائن کی جھلک شامل ہوگی۔
اس کے ساتھ واچ او ایس، وژن او ایس، میک او ایس اور ٹی وی او ایس کی اپ ڈیٹس بھی لانچ کی جائیں گی۔

دیگر مصنوعات

ایپل ایونٹ میں ’ایپل واچ سیریز 11‘ (ممکنہ بلڈ پریشر فیچر کے ساتھ)، ’ایپل واچ الٹرا 3‘، ’ایئر پوڈز پرو 3‘ اور ’نیا ہوم پوڈ‘ یا ’ایپل ٹی وی‘ بھی متعارف کرائے جا سکتے ہیں۔

کیا شامل نہیں ہوگا؟

ایونٹ میں ’فولڈ ایبل آئی فون‘، ’ایئر پوڈز میکس 2‘ یا کسی بڑے ہیڈسیٹ لانچ کی توقع نہیں ہے البتہ ایپل وژن پرو کے لیے چھوٹی اپ ڈیٹس ممکن ہیں۔

 

شیئر: