Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی فون کی چِپ پر چلنے والا ایپل کا سستا ترین میک بُک، ممکنہ قیمت کیا ہوگی؟

تاحال ایپل کے میک بُکس میں سستا ترین ماڈل ایم 4 ائیر ہے۔ (فوٹو: ایپل)
گزشتہ ماہ جون سے افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل ایک سستا میک بک متعارف کروا سکتی ہے۔
میک رومرز کے مطابق یہ خبریں اس وقت سامنے آئیں جب تجزیہ کار منگ چی کو نے کہا کہ ایپل ایک سستا ترین 13 انچ لیپ ٹاپ تیار کر رہا ہے جو کروم بکس کا مقابلہ کرے گا اور میک بک کی فروخت کو بڑھائے گا، اگرچہ انہوں نے قیمت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔
منگ چو کو کے مطابق یہ نیا میک بک A18 پرو چِپ استعمال کرے گا جو گزشتہ سال آئی فون 16 پرو میں متعارف کرائی گئی تھی۔ اس کا مطلب یہ ہوگا کہ یہ پہلا میک ہوگا جو آئی فون کی چِپ پر مبنی ہوگا۔
اب تک تمام ایپل سلیکون میک کمپیوٹرز M سیریز کی چِپس پر مشتمل ہیں، جن میں زیادہ کورز، زیادہ میموری کی گنجائش اور بہتر ایکسٹرنل ڈسپلے سپورٹ شامل ہوتی ہے۔
تجزیہ کار نے پیش گوئی کی کہ نئے سستے میک بک کا یہ ماڈل 2025 کی چوتھی سہ ماہی کے آخر یا 2026 کی پہلی سہ ماہی کے آغاز میں بڑے پیمانے پر پیداوار میں داخل ہوگا۔
آج ڈجی ٹائمز نے منگ چو کی پیش گوئی کی آزادانہ طور پر تصدیق کی ہے اور اشارہ دیا ہے کہ اس میک بک کی قیمت 599 سے 699 امریکی ڈالرز کے درمیان شروع ہوگی۔
اس وقت 13 انچ میک بک ایئر کی قیمت امریکہ میں 999 ڈالرز ہے جو ایپل کے سٹوڈنٹ ڈسکاؤنٹ کے بعد 899 ڈالرز تک کم ہو جاتی ہے۔
حالیہ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایپل کے نئے لیپ ٹاپ میں 12.9 انچ ڈسپلے ہوگا، جو میک بک ایئر کے 13.6 انچ سکرین سے قدرے چھوٹا ہے۔
ڈجی ٹائمز کے مطابق کچھ پرزے 2025 کی تیسری سہ ماہی کے آخر تک بڑے پیمانے پر پیداوار میں داخل ہو جائیں گے اور یہ شیڈول اس بات کی اجازت دے سکتا ہے کہ سال کے اختتام سے پہلے مکمل سسٹم اسمبلی شروع ہو جائے۔
حتمی اسمبلی چوتھی سہ ماہی میں کوانٹا کی فیکٹریوں میں ہونے کی توقع ہے اور اندازے کے مطابق یہ لیپ ٹاپ 2025 کے آخر یا 2026 کے آغاز میں مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔
مارکیٹ کے تخمینوں کے مطابق کم قیمت والے میک بک کی سالانہ ترسیل 50 لاکھ سے 70 لاکھ یونٹس تک پہنچ سکتی ہے، جس سے ایپل کے موجودہ میک بک حجم (1.7 کروڑ سے 1.8 کروڑ یونٹس) میں 30 سے  40 فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔
منگ چو کو کا ماننا ہے کہ یہ زیادہ سستا میک بک ایک نہایت پتلا اور ہلکا ڈیزائن رکھے گا اور سلور، بلیو، پنک اور ییلو رنگوں میں دستیاب ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ A18 پرو چِپ میں تھنڈر بولٹ سپورٹ نہیں ہے، اس لیے نئے میک بک میں غالباً عام یو ایس بی-سی پورٹس ہوں گی۔ لیکن جو صارفین سب سے سستا میک حاصل کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے یہ کوئی بڑی رکاوٹ نہیں ہوگی۔

شیئر: