ایپل اپنا پہلا فولڈ ایبل آئی فون کب متعارف کروائے گا؟
ایپل اپنا پہلا فولڈ ایبل آئی فون کب متعارف کروائے گا؟
اتوار 17 اگست 2025 14:17
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق یہ فون ’سام سنگ‘ کے فلیپ ڈیزائن جیسا ہو سکتا ہے (فائل فوٹو: زینیتھ)
ایک وقت تھا جب کال ختم کرنے کے لیے فلیپ فون بند کرنا جدید ٹیکنالوجی کی علامت سمجھا جاتا تھا۔
سنہ 2005 میں یہ انداز نہایت مقبول تھا اور اب دو دہائیوں بعد اس کے دوبارہ لوٹنے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ مشہور موبائل کمپنی ایپل اپنا پہلا فولڈ ایبل فون متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔
برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق یہ فون ’سام سنگ‘ کے فلیپ ڈیزائن جیسا ہو سکتا ہے جو سنہ 2000 کی دہائی میں مقبول ’کلیم شیل موبائل‘ سے مشابہت رکھتا ہے یا پھر یہ آئی فون فولڈ ماڈل کی طرح ہو گا جسے ایک چھوٹے ٹیبلٹ کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکے گا۔
رپورٹ کے مطابق یہ فون آئندہ برس ستمبر میں لانچ کیا جائے گا اور اس کی قیمت تقریباً دو ہزار ڈالر کے آس پاس رکھی جائے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ اب زیادہ تر لوگ انٹرنیٹ کے متعلقہ کام کاج کے لیے لیپ ٹاپ یا ٹیبلٹ کے بجائے سمارٹ فون استعمال کرتے ہیں اس لیے فولڈ ایبل ڈیزائن مستقبل میں زیادہ موزوں ثابت ہو سکتا ہے تاہم اس کی زیادہ قیمت کی وجہ سے یہ ایک لگژری پراڈکٹ ہی رہے گا۔
ٹیکنالوجی تجزیہ کار بین ووڈ کا کہنا ہے کہ ’سمارٹ فونز ہماری روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ تو ہیں لیکن اب وہ نئی دلچسپی پیدا کرنے سے قاصر ہیں، اسی لیے کمپنیاں نئے ڈیزائن متعارف کرانے پر مجبور ہیں تاکہ صارفین کی توجہ حاصل کی جا سکے۔‘
ان کے مطابق ’ایپل ہمیشہ نئے رجحان میں جلدی شامل نہیں ہوتا بلکہ پہلے دوسروں کے تجربات دیکھتا ہے اور پھر بہتر اور پائیدار ماڈل پیش کرتا ہے۔‘
’سام سنگ‘ وہ پہلی کمپنی ہے جس نے سب سے پہلے فولڈ ایبل فون متعارف کرائے تھے لیکن ابتدائی ماڈلز سکرین کے مسائل کا شکار رہے۔ اب کمپنی اپنے اگلے تین ماڈلز متعارف کرانے جا رہی ہے جنہیں فولڈ ایبل فونز کی نیو جنریشن قرار دیا جا رہا ہے۔
کچھ تجزیہ کاروں کے مطابق ایپل کا یہ فون زیادہ کامیاب نہیں ہو پائے گا (فائل فوٹو: اے آئی)
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ’ایپل اگر فولڈ ایبل ڈیوائس کو چھوٹے ٹیبلٹ کی شکل میں لاتا ہے تو یہ مارکیٹ میں بڑی تبدیلی کا باعث بن سکتا ہے، کیونکہ بڑی سکرین کی سہولت ویڈیوز دیکھنے، تصاویر دکھانے اور ڈاکیومنٹس پر کام کرنے والوں کے لیے زیادہ کارآمد ہوگی۔‘
ماہرین تعلیم کا بھی ماننا ہے کہ صارفین، خاص طور پر نوجوان، بڑی سکرین کو براؤزنگ اور گیمز کے لیے ترجیح دیتے ہیں۔ اسی طرح ویڈیوز دیکھنے کا رجحان بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے جس کے لیے فولڈ ایبل فونز زیادہ موزوں ہیں۔
کچھ ماہرین کے مطابق اس ڈیزائن کے نفسیاتی فوائد بھی ہو سکتے ہیں۔ چونکہ یہ فون ایک منی لیپ ٹاپ کی طرح بند ہو سکتا ہے، اس لیے غیر ضروری نوٹیفیکیشن سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے اور یوں سمارٹ فون کے استعمال میں کمی آ سکتی ہے۔
دیگر ماہرین نے کہا کہ فولڈ ایبل فونز کی ایک بڑی کشش یہ بھی ہے کہ ان کی سکرین زیادہ محفوظ رہتی ہے، یہ جیب میں آسانی سے سما جاتے ہیں اور فلیپ ڈیزائن ایک طرح کی پرانی یادیں بھی تازہ کرتا ہے۔
تاہم کچھ ماہرین کی رائے ہے کہ عین ممکن ہے ایپل کا یہ نیا فولڈ ایبل آئی فون اس طرح سے کامیاب نہ ہو سکے جیسے کمپنی کو اس سے امیدیں ہیں۔