اسرائیل کا یمن کے دارالحکومت صنعا میں حوثیوں پر حملہ
جمعرات 28 اگست 2025 20:51
حوثی حکام کے مطابق، پیر کے روز اسرائیلی حملوں میں 10 افراد ہلاک اور 90 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیلی فوج نے جمعرات کو یمن کے حوثی کنٹرول والے دارالحکومت صنعا پر حملہ کیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیل اور حوثی دونوں نے اس حملے کی تصدیق کی ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’صنعا کے علاقے میں حوثی دہشت گرد حکومت کے ایک فوجی ہدف کو نشانہ بنایا گیا۔‘
حوثی چینل المسیرہ نے اس سے پہلے ایکس پر پر لکھا کہ ’دارالحکومت صنعا پر اسرائیلی جارحیت۔‘
اسرائیل حوثی باغیوں کو اس کے خلاف میزائل اور ڈرون حملوں کے جواب میں نشانہ بنا رہا ہے، جو حوثیوں کے مطابق فلسطینیوں کی حمایت میں کیے جا رہے ہیں۔
حوثی حکام کے مطابق، پیر کے روز اسرائیلی حملوں میں 10 افراد ہلاک اور 90 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
ان حملوں کے بعد اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ انہوں نے حوثیوں کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جن میں صدارتی محل بھی شامل تھا۔ یہ حملے اسرائیل پر ہونے والے حملوں کے جواب میں کیے گئے۔
بدھ کے روز حوثیوں نے ایک اور میزائل حملے کی ذمہ داری قبول کی، جسے اسرائیل نے کامیابی سے روکنے کا دعویٰ کیا۔
غزہ میں جنگ کے آغاز سے ہی حوثی باغی اسرائیل پر متعدد بار حملے کر چکے ہیں، اور بحر احمر اور خلیج عدن میں ایسے جہازوں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں جنہیں وہ اسرائیل سے منسلک قرار دیتے ہیں۔
حوثیوں کا کنٹرول یمن کے بڑے حصے پر ہے، جو کہ 2014 سے جنگ کا شکار ہے۔
