شارجہ میں جاری تین ملکی کرکٹ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو جیت کے لیے 208 رنز کا ہدف دیا ہے۔
سنیچر کو شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 207 رنز بنائے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور حسن نواز نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سینچریاں سکور کیں۔
صائم ایوب نے 38 بالز پر چار چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 69 رنز کی اننگز کھیلی۔ حسن نواز نے صرف 26 گیندوں پر 56 رنز بنائے، ان کی اننگز میں چھ چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔
محمد نواز نے 15 گیندوں پر 25 رنز جوڑے۔ پاکستان کے سات بیٹرز ڈبل فِگر میں داخل نہ ہو سکے۔ متحدہ عرب امارات کی طرف سے جنید صدیق اور صغیر خان نے تین تین جبکہ حیدر علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔