Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: آج سے مزید بارشیں، سیلاب زدہ علاقوں میں صورتحال خراب ہونے کا خدشہ

اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں آج سے تین ستمبر تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا خبردار کیا ہے کہ اس سے سیلاب زدہ علاقوں میں مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔
راولپنڈی اور اسلام آباد کے علاوہ قریبی علاقوں میں بھی پیر کی صبح کے وقت بارش ہوئی جبکہ اب بھی مطلع ابرآلود ہے۔
محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں ملک میں داخل ہو رہی ہیں جو بارشوں کا باعث بنیں گی۔
آج پنجاب، کشمیر، اسلام آباد اور خیبر پختونخوا میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی جبکہ شمال مشرقی پنجاب، مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں کچھ مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح مشرقی بلوچستان، جنوب مشرقی سندھ اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہوائیں اور بارش متوقع ہے۔
مزید باشوں سے پنجاب کے متعدد اضلاع متاثر ہونے کا خدشہ
قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پہلے سے سیلاب کا علاقوں میں مزید بارش سے صورت حال خراب ہونے کے خدشات ہیں اور شمال مشرقی، وسطی اور جنوبی پنجاب کے اضلاع متاثر ہو سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، اٹک، جہلم، منڈی بہاؤالدین کے علاوہ گجرات، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں بھی شدید بارشوں سے سیلابی صورت حال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
اسی طرح چنیوٹ، سیالکوٹ، شیخوپوراہ، نارووال اور فیصل آباد کے بعد علاقوں میں بھی پہلے سے متاثرہ علاقوں میں مزید مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں جبکہ سرگودھا، لیہ، بھکر اور میانوالی میں بھی بارش مزید مسائل کا باعث بن سکتی ہے۔
اتھارٹی کی جانب سے متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے اور مشینری تیار رکھنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔

یہ پیج مزید اپڈیٹ ہو رہا ہے

 

 

شیئر: