امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی ہدایت پر متحدہ عرب امارات نے مشرقی افغانستان میں زلزلے کے متاثرین کی مدد اور امدادی کارروائیوں کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بھیجی ہے۔
وام کے مطابق ابوظبی سول ڈیفنس اتھارٹی، نیشنل گارڈ اور جوائنٹ آپریشنز کمانڈ پر مشتمل خصوصی ٹیم تلاش اور بچاو کے کاموں کے علاوہ متاثرین کی مدد کرے گی۔
مزید پڑھیں
امارات ضروری امدادی سامان بھی روانہ کیا ہے، جس میں خوراک، دواوں اور خیمے شامل ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں اور زخمیوں کی مدد کی جا سکے۔
یہ اقدام امارات کے اس انسانی مشن کا حصہ ہے جو دنیا بھر میں قدرتی آفات اور سانحات کے موقع پر فوری امداد کی فراہمی کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
یاد رہے افغانستان کے مشرقی حصے میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب آنے والے زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 1400 سے زیادہ ہوگئی ہے جب کہ تین ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔
طالبان حکومت نے منگل کو یہ اعداد و شمار جاری کیے ہیں، جس کے بعد یہ زلزلہ کئی دہائیوں میں آنے والے مہلک ترین زلزلوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
چھ درجے شدت کا یہ زلزلہ اتوار کی رات دیر گئے آیا تھا جس نے پاکستان کی سرحد کے قریب پہاڑی صوبوں میں دور دراز علاقوں کو بری طرح متاثر کیا۔
افغانستان میں اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے رابطہ کار اندریکا رتواتے نے کہا ہے کہ زلزلے سے ’لاکھوں افراد متاثر ہو سکتے ہیں۔‘