Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ضلع کرم میں گاڑی پر فائرنگ سے چھ افراد ہلاک، جولائی سے اب تک 250 اموات

پاکستان کے سرحدی علاقے ضلع کرم میں ایک مسلح شخص نے فائرنگ کر کے چھ شہریوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مقامی انتظامیہ کے اہلکار عامر نواز خان نے بتایا کہ آج بدھ کی صبح مسلح افراد نے سنی کمیونٹی کے ایک رکن کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔
ضلع کرم میں اہل تشیع اور سنی فرقوں کے درمیان تنازعات کے باعث حالات کشیدہ رہے ہیں۔
اہلکار کے مطابق گاڑی میں موجود چھ افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
کرم سے ایک اور اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ حملہ اہل تشیع فرقے کے اکثریتی علاقے میں ہوا ہے۔
مقامی عہدیداروں کے مطابق دونوں فرقوں کے درمیان ہونے والی لڑائی کے نتیجے میں جولائی سے اب تک تقریباً 250 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے ضلع کرم میں سکیورٹی صورتحال کو ’انسانی بحران‘ قرار دیتے ہوئے اس واقعے کی’فوری اور غیرجانبدارانہ‘ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
متحارب گروہوں کے صوبائی انتظامیہ اور قبائلی عمائدین ساتھ کئی معاہدے طے پا چکے ہیں لیکن پرتشدد واقعات پر مکمل قابو نہیں پایا جا سکا۔
رواں سال فروری میں غذائی اشیا لے کر جانے والے ایک قافلے کو بھی ضلع کرم میں نشانہ بنایا گیا تھا جس میں چھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

شیئر: