جازان اور عسیر میں بارش، ساحلی علاقوں میں تیز ہوا
’موسلادھار بارش نشیبی علاقوں میں سیلابی ریلوں کا باعث بن سکتی ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے آج جمعرات کو اپنی روزانہ رپورٹ میں توقع ظاہر کی ہے کہ جازان اور عسیر میں کہیں درمیانی اور کہیں شدید بارش ہو گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’موسلادھار بارش نشیبی علاقوں میں سیلابی ریلوں کا باعث بن سکتی ہیں، ساتھ ہی ژالہ باری اور تیز ہوائیں بھی چلیں گی‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’نجران، باحہ اور مکہ مکرمہ میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے جبکہ ان علاقوں کی بلندیوں اور مشرقی ریجن، مدینہ منورہ اور تبوک کے ساحلی حصوں میں دھند بننے کا خدشہ ہے‘۔
اسی طرح جازان جانے والی ساحلی شاہراہ پر تیز ہوا اور گرد و غبار کے باعث حدِ نگاہ بہت کم ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
مکہ مکرمہ کے حوالے سے محکمے نے کہاہے کہ ’العرضیات، تربہ، رنیہ اور القنفذہ میں ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ دن بھر مطلع ابر آلود گرج چمک رہے گی‘۔
’تربہ اور رنیہ میں تیز ہوا کے ساتھ گرد اڑنے کا خدشہ ہے جبکہ ساحلی علاقوں میں تیز ہوا چلے گی جبکہ سمندر میں اونچی موجیں اٹھیں گی‘۔