سمگلنگ کی دو کوششیں ناکام، 292 کلو قات پکڑی گئی
’العارضہ کمشنری میں ہونے والی کارروائی میں 12 دراندازوں کو گرفتار کیا گیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سرحدی سیکیورٹی فورس نے عسیر اور جازان میں کارروائی کرتے ہوئے سمگلنگ کی دو کوششیں ناکام بناتے ہوئے مجموعی طور پر 292 کلو نشہ آور پودہ ’قات ‘پکڑی ہے جبکہ 15 افراد گرفتار کئے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سرحدی سیکیورٹی فورس نے کہاہے کہ ’پہلی کارروائی عسیر کے الربوعہ سرحدی علاقے میں ہوئی ہے‘۔
’یہاں ایتھوپیا سے تعلق رکھنے والے تین غیر ملکی پکڑے گئے ہیں جو ملک میں غیر قانونی طور پر داخل ہوئے تھے‘۔
’مشکوک حالت میں انہیں گرفتار کیا گیا اور تلاشی لینے پر قبضے سے 86 کلو قات پکڑی گئی ہے‘۔
سیکیورٹی فورس نے کہا ہے کہ ’دوسری کارروائی جازان کی العارضہ کمشنری میں ہوئی ہے جہاں 12 غیر قانونی دراندازوں کو گرفتار کیا گیا ہے‘۔
’یہ سب سرحد عبور کرکے ملک میں داخل ہوئے تھے اور ان کے قبضے سے 206 کلو قات ضبط کی گئی ہے‘۔
ادارے نے کہا ہے کہ ’گرفتار شدگان کو متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا ہے۔