Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیا سعودی فٹبال سیزن، کس فٹبالر کی کتنی تنخواہ ہے؟

’سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو سالانہ 240 ملین ڈالر تنخواہ وصول کر رہے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
نئے فٹبال سیزن 2025/2026 کے آغاز کے ساتھ سعودی فٹبال لیگ ایک بار پھر دنیا کی توجہ بن گئی ہے جہاں شماریاتی رپورٹس میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑیوں کی فہرست جاری کی گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق کس فٹبالر کو کتنا معاوضہ ملتا ہے، اس فہرست میں النصر کلب کے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو ٹاپ پر ہیں۔
سعودی لیگ مسلسل اپنی حیثیت دنیا کی نمایاں فٹبال منزلوں میں مستحکم کر رہی ہے جہاں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری اور عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کے سودے اسے دنیا بھر کے شائقین کی دلچسپی کا محور بنا رہے ہیں۔

’الجزائری سٹار ریاض محرز کی سالانہ تنخواہ 60 ملین ڈالر ہے‘ ( فوٹو: الشرق الاوسط)

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ رونالڈو سالانہ 240 ملین ڈالر تنخواہ وصول کر رہے ہیں، اس کے علاوہ تقریباً 50 ملین ڈالر بطور سائننگ بونس اور دیگر بھاری مراعات بھی شامل ہیں جس کے باعث وہ 40 برس کی عمر کے باوجود دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ پانے والے کھلاڑی ہیں۔
الاہلی فٹبال کلب کے الجزائری سٹار ریاض محرز دوسرا سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑی ہیں جن کی سالانہ تنخواہ 60 ملین ڈالر ہے جبکہ الاتحاد کے فرانسیسی سٹار کریم بنزیما تیسرے نمبر پر ہیں جو 58 ملین ڈالر سالانہ وصول کرتے ہیں۔
چوتھے نمبر پر النصر کے سینیگالی کھلاڑی سادیو مانے ہیں جن کا معاوضہ 46 ملین ڈالر ہے۔

’الاتحاد کے فرانسیسی سٹار کریم بنزیما 58 ملین ڈالر سالانہ وصول کرتے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)

پانچویں نمبر پر الهلال کے سینیگالی ڈیفینڈر خالیدو کولیبالی ہیں جو 40 ملین ڈالر سالانہ لے کر دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ پانے والے Defender ہیں۔
چھٹے نمبر پر الاهلی کے سٹرائیکر ایوان ٹونی ہیں جن کی سالانہ تنخواہ 37 ملین ڈالر ہے۔
ساتویں مقام پر الاتحاد کے فرانسیسی سٹار نغولو کانتے ہیں جو 29 ملین ڈالر سالانہ وصول کرتے ہیں۔

’النصر کے سینیگالی کھلاڑی سادیو مانے کا معاوضہ 46 ملین ڈالر ہے‘ ( فوٹو: SPL)

آٹھویں اور نویں نمبر پر الهلال کے صربی سٹارز الیگزینڈر میٹرووچ (جو اب الریان قطر منتقل ہو چکے ہیں) اور ان کے ہم وطن سرگی ملینکووچ ساویچ ہیں، دونوں کی سالانہ تنخواہ 29 ملین ڈالر ہے۔
دسویں اور آخری مقام پر النصر کے کروشین کھلاڑی مارسیلو بروزووچ ہیں جن کا سالانہ معاوضہ 26 سے 28 ملین ڈالر کے درمیان ہے۔
یہ اعداد و شمار اس حقیقت کو مزید واضح کرتے ہیں کہ سعودی لیگ اب دنیا کی سب سے بڑی فٹبال مارکیٹوں میں شامل ہو چکی ہے اور یورپ کی بڑی لیگز کے لیے مالی قدر اور عالمی سٹارز کو متوجہ کرنے کے لحاظ سے ایک مضبوط حریف بن چکی ہے۔

شیئر: