مکہ، جازان، عسیر اور الباحہ میں موسلادھار بارش کا امکان
’گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں سیلابی ریلوں کا امکان ہے‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ آج اتوار کو مکہ مکرمہ، جازان، عسیر اور الباحہ میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں سیلابی ریلوں کا بھی امکان ہے۔
محکمے نے کہاہے کہ ’مذکورہ ریجنوں کے بعض علاقوں میں گرد آلود ہوا چلے گی‘۔
’جبکہ ریاض، مشرقی ریجن اور نجران کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’بحیرہ احمر میں شمال مغربی ہوا چلے گی جس کی رفتار 40 کلو میٹر تک ہوگی اور جس کے باعث دو میٹر تک اونچی موجیں اٹھیں گی‘۔
’جبکہ خلیج عرب کے سمندر میں 35 کلو میٹر تک رفتار کی ہوا چلے گی اور ایک سے ڈیڑھ میٹر تک اونچی موجیں اٹھیں گی‘۔
دریں اثنا محکمہ شہری دفاع نے تمام شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو آگاہ کیا ہے کہ جمعرات تک ملک کے کئی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی ہے۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’اس اثنا میں وادیوں اور نشیبی علاقوں کے علاوہ سیلاب کی گزرگاہوں سے دور رہا جائے‘۔
’سیلابی ریلے کے وقت وادی عبور کرنے سے اجتناب کیا جائے اور بری سفر سے پہلے موسم کے حالات معلوم کئے جائیں‘۔