عالمی ٹیک کمپنی گوگل نے اتوار کو اعلان کیا کہ وہ سعودی عرب میں یونیورسٹی کے طلبا کو اپنے جنریٹو اے آئی ٹول، جیمنی کے پرو ورژن کے ایک سال کی مفت سبسکرپشن کی پیشکش کر رہی ہے۔
اس سبسکرپشن کی مالیت 860ریال (229 ڈالر) ہے، اور طلبا کو انٹرایکٹو آڈیو اور ویڈیو سیکھنے کے ٹولز اور جدید تحقیقی خصوصیات تک رسائی فراہم کرتی ہے جو اسائنمنٹ بنانے اور امتحان کی تیاری کے لیے استعمال کی جا سکتی ہیں۔
ویو تھری کا جیمنی پرو ورژن صارفین کو متن یا تصاویر کو آٹھ سیکنڈ کی ویڈیوز میں تبدیل کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ یہ نوٹ بک ایل ایم سے بھی مربوط کرتا ہے جو پیچیدہ تحقیقی مواد، ویڈیوز اور دستاویزات کو آڈیو مواد میں تبدیل کرنے کے قابل بناتا ہے۔
مزید پڑھیں
گوگل نے کہا کہ جیمنی ایپ طالب علموں کو کسی خاص موضوع پر معلومات کا خلاصہ تیار کرنے، انٹرایکٹو کوئز بنانے یا ایک لیکچر کے نوٹس کا خلاصہ پیش کرنے والی مختصر پوڈ کاسٹ سننے میں مدد کرتی ہے۔
یہ پیشکش سعودی عرب میں 18 سال اور اس سے زیادہ عمر کے تمام یونیورسٹی طلبا کے لیے دستیاب ہے۔ یہ 3 نومبر تک دستیاب ہے اور مفت سبسکرپشن رجسٹریشن کی تاریخ سے شروع ہوگی۔
گوگل نے کہا کہ وہ بین الاقوامی مرکز برائے اے آئی ریسرچ اینڈ ایتھکس کے ساتھ تعاون کر رہا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ یونیورسٹی کے تمام طلبا جیمنی کے تازہ ترین ورژن سے مستفید ہو سکیں۔
یہ پروموشن پیشکش طلبا کی مصنوعی ذہانت کے ٹولز میں دیکھی گئی دلچسپی کی لہر کے دوران سامنے آئی ہے۔ گوگل ٹرینڈز کے مطابق سعودی عرب میں اے آئی، پڑھائی اور یونیورسٹیوں میں اس کے ذریعے سرچ میں کی دلچسپی گزشتہ دو ماہ کے دوران پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 80 فیصد بڑھ گئی ہے۔
کمپنی نے کہا کہ ’یہ ٹرینڈ طلبا اور اساتذہ کے درمیان مطالعے اور امتحان کی تیاری کے لیے موجودہ ٹیکنالوجیز کو استعمال کرنے میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کی نشاندہی کرتا ہے۔‘

دو ٹیرا بائٹس سٹوریج کی جگہ کے ساتھ اے آئی ماڈل طالب علموں کو گوگل فوٹوز، ڈرائیو اور جی میل پر اپنے نوٹس، پروجیکٹس، تصاویر اور دستاویزات کو محفوظ کرنے اور ان تک رسائی کی سہولت دیتا ہے۔
یہ ایپ ویب سائٹ اور موبائل پر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے ذریعے دستیاب ہے۔ یہ ایپ عربی سمیت مختلف زبانوں کو سپورٹ کرتی ہے۔
عالمی ٹیک کمپنی نے کہا کہ مفت سبسکرپشن آفر مصر میں بھی دستیاب ہے اور مستقبل قریب میں دوسرے ممالک میں بھی متعارف کرائی جائے گی۔
سعودی عرب اور مصر کے طلبا اس پیشکش سے آن لائن فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔