Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی فون 17 ڈیزائن کرنے والے نوجوان عابدور چوہدری کون ہیں؟

آئی فون ایئر اب تک کا سب سے پتلا آئی فون ہے (فوٹو: ایپل)
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے حال ہی میں آئی فون 17 سیریز لانچ کی ہے جس میں سب سے پتلا  ’آئی فون ایئر‘ بھی شامل ہے۔
’آئی فون ایئر‘ وزن اور جسامت کے لحاظ سے اس سے پہلے آنے والے اب تک کے آئی فونز میں سے سب سے ہلکا اور پتلا ہے۔
’آئی فون ایئر‘ ٹائیٹینیم سے تیار کیا گیا فون ہے اور اس کے 256 جی بی ماڈل کی قیمت 999 ڈالرز رکھی گئی ہے۔
اس نئے ماڈل میں سنگل کیمرہ ٹیلی فوٹو لینس کے ساتھ دیا گیا ہے جبکہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے فوٹو گرافی کو بہتر بنانے کی خصوصیات شامل کی گئی ہیں۔ کمپنی کے مطابق بیٹری بچانے والا سافٹ ویئر اس ڈیوائس کو دن بھر چلانے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے حالانکہ اس میں بیٹری نسبتاً چھوٹی ہے۔
اس موبائل فون کو ڈیزائن کرنے والے بنگلا دیشی نژاد عابدور چوہدری نے کیلیفورنیا میں لانچ ایونٹ کے موقعے پر کہا کہ ’یہ ایک ایسا تضاد ہے جسے محسوس کیے بغیر یقین کرنا مشکل ہے۔‘

عابدور چوہدری کون ہیں؟

عابدور چوہدری لندن میں پیدا ہوئے اور انہوں نے ابتدائی تعلیم وہیں سے حاصل کی تاہم اس وقت وہ سان فرانسسکو میں مقیم ہیں اور ایپل کے ساتھ بطور ڈیزائنر کام کر رہے ہیں۔
اپنے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ وہ مسائل حل کرنے اور نئی چیزیں سیکھنے کے شوقین ہیں اور ایسے مصنوعات تخلیق کرنے کے خواہاں ہیں ’جن کے بغیر لوگ رہ نہ سکیں۔‘
عابدور چوہدری نے لوغ بورو یونیورسٹی سے پروڈیکشن ڈیزائن اور ٹیکنالوجی میں ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ دورانِ تعلیم انہوں نے کئی نمایاں اعزازات اپنے نام کیے جن میں تین ’ڈی ہبز سٹوڈنٹ گرانٹ‘، ’جیمز ڈائسن فاؤنڈیشن برسری‘، ’نیو ڈیزائنرز کین ووڈ ایوارڈ‘ اور ’سیمور پاول ڈیزائن ویک مقابلے‘ میں پہلی پوزیشن شامل ہیں۔
سنہ 2016 میں انہوں نے ’پلگ اینڈ پلے‘ ڈیزائن پر ریڈ ڈاٹ ڈیزائن ایوارڈ بھی جیتا۔
عابدور چوہدری نے برطانیہ میں کیمبرج کنسلٹنٹس اور کروینٹا کے ساتھ بطور انٹرن ڈیزائن کا عملی تجربہ حاصل کیا اس کے بعد لندن میں لیئر ڈیزائن کے ساتھ وابستہ رہے۔
سنہ 2018 سے 2019 تک انہوں نے اپنی کنسلٹنسی فرم بھی چلائی جہاں مختلف اداروں اور نئی کمپنیوں کے لیے مصنوعات اور ڈیزائنز کی حکمت عملی تیار کیں۔
جنوری 2019 میں وہ ایپل سے بطور صنعتی ڈیزائنر وابستہ ہوئے اور اب تک کئی نمایاں مصنوعات کی تیاری میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں جن میں حالیہ متعارف کرایا گیا آئی فون ایئر بھی شامل ہے۔

شیئر: