Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ای سِم ماڈلز کی بیٹری زیادہ‘، آئی فون 17 کے تمام ماڈلز کی بیٹری کی تفصیلات لیک

آئی فون میں سم ٹرے نہ ہونے سے بڑی بیٹری کے لیے گنجائش بڑھ سکتی ہے۔ (فوٹو: ماجن بو)
ٹیکنالوجی ویب سائٹ میک رؤمرز کے مطابق ایپل کی جانب سے منگل کو آئی فون 17 سیریز متعارف کرانے سے قبل ایک چینی ریگولیٹری ڈیٹابیس میں ان ڈیوائسز کی بیٹری صلاحیتوں کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر شرمپ ایپل پرو نامی اکاؤنٹ نے ڈیٹابیس کا سکرین شاٹ شیئر کیا ہے جس میں آئی فون 17 کے ہر ماڈل کی مبینہ بیٹری کی صلاحیت درج ہے۔
ڈیٹا بیس کے مطابق آئی فون 17 ایئر، آئی فون 17 پرو اور آئی فون 17 پرو میکس کچھ ممالک میں فزیکل سم کارڈ سلاٹ کے ساتھ اور باقی ممالک میں بغیر سم سلاٹ کے دستیاب ہوں گے۔ تاہم بیس ماڈل آئی فون 17 کے لیے فی الحال صرف ایک ہی بیٹری کی صلاحیت سامنے آئی ہے۔
اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ایپل رواں سال امریکا کے علاوہ مزید ممالک میں بھی آئی فونز سے سم کارڈ ٹرے ختم کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے، لیکن کچھ ممالک میں یہ فیچر برقرار رہے گا جہاں eSIM کی سہولت محدود ہے یا مقامی قوانین کی وجہ سے اس کی ضرورت نہیں ہے۔ مثال کے طور پر چین میں کچھ ماڈلز میں اب بھی سم کارڈ سلاٹ شامل ہوسکتا ہے۔
خاص طور پر آئی فون 17 ایئر کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ زیادہ تر ممالک میں سم کارڈ سلاٹ کے بغیر ہوگا کیونکہ اس کا ڈیزائن نہایت پتلا ہے اور اندرونی جگہ محدود ہے۔
چونکہ سم کارڈ ٹرے آئی فون کے اندر کچھ جگہ گھیرتی ہے، اس لیے سم ٹرے والے ماڈلز کی بیٹری کی صلاحیت eSIM والے ماڈلز سے تھوڑی کم ہے۔
مبینہ بیٹری صلاحیتوں کے حوالے سے میک رؤمرز نے یہ تفصیلات جاری کی ہیں۔

آئی فون 17  کے بیس ماڈل میں یہ واضح نہیں ہو سکا کہ درج شدہ بیٹری کی صلاحیت سم ٹرے والے ماڈل کے لیے ہے یا بغیر سم ٹرے ماڈل کے لیے۔ (فوٹو: میک رؤمرز)

میک رؤمرز کے پاس اس ریگولیٹری ڈیٹا بیس کا سکرین شاٹ موجود ہے لیکن ویب سائٹ نے ابھی تک ان معلومات کی خود سے تصدیق نہیں کی۔
جیسا کہ افواہوں میں کہا گیا تھا، آئی فون 17 پرو میکس پہلی بار 5,000 mAh سے زائد بیٹری کے ساتھ آنے والا ماڈل ہوگا۔ 5,088 mAh کی بیٹری کے ساتھ یہ ڈیوائس آئی فون 16 پرو میکس کے مقابلے میں تقریباً 8 فیصد بڑی بیٹری فراہم کرے گی۔
ایک اور افواہ یہ ہے کہ نہایت پتلے ڈیزائن والا آئی فون 17 ایئر تقریباً 3,000 mAh بیٹری کے ساتھ آئے گا، جو آئی فون کے لیے نسبتاً کم سمجھی جاتی ہے۔ تاہم، اس ڈیوائس کو ایپل کے پاور ایفیشنٹ C1 موڈیم سے فائدہ ملے گا اور کمپنی مبینہ طور پر اس کے لیے بیٹری کیس بھی جاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
چونکہ یورپی یونین میں اب ایپل کے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنی آئی فون پروڈکٹ پیجز پر انرجی لیبل ظاہر کرے، اس لیے امکان ہے کہ رواں ہفتے آفیشل بیٹری کی صلاحیتیں بھی شائع کر دی جائیں گی۔

شیئر: