Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اگر آپ کا موبائل فون ہیک ہو جائے تو کیا کرنا چاہیے؟

اپنی کونٹیکٹ لسٹ میں موجود دوستوں اور جاننے والوں کو موبائل فون کے ہیک ہونے کا بتائیں۔ (فائل فوٹو: پکسابے)
ٹیکنالوجی کے عروج نے جہاں لوگوں کی زندگیوں کو آسانی بخشی ہے وہیں ان کے لیے بہت سے خطرات بھی پیدا کر دیے ہیں۔ ان میں سے ایک بہت بڑا خطرہ ہیکرز بن چکے ہیں جو آپ کی نجی سے لے کر مالی معلومات تک چوری کر کے آپ کے لیے مشکلات کھڑی کر سکتے ہیں۔ ایسے میں اپنے موبائل فون کو محفوظ رکھنا نہایت ضروری ہے۔ لیکن اگر آپ کا فون ہیک ہو جائے تو امریکی میگزین فوربس کے مطابق مندرجہ ذیل اقدامات کے ذریعے آپ مزید نقصان سے بچ سکتے ہیں۔

1: مالی اداروں سے رابطہ

فون ہیک ہونے کی صورت میں سب سے پہلے اپنے بینک سے رابطہ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہیکرز آپ کے اکاؤنٹس اور ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ تک رسائی نہ حاصل کر سکیں۔

2: پاسورڈز تبدیل کریں

آپ کا اگلا اور سب سے اہم قدم اپنے تمام پاسورڈز کو تبدیل کرنا ہونا چاہیے۔ نئے پاسپورڈز لگائیں جو تکنیکی طور پر مضبوط بھی ہوں۔ اور ان تمام ایپس اور ویب سائٹس کے پاسورڈز تبدیل کریں جو موبائل سے کنیٹکٹ ہیں۔

3: مشکوک ایپس ختم کریں

اپنے موبائل کا غور سے جائزہ لیں اور مشکوک ایپس کو اَن انسٹال کریں۔ فون کو ری سٹارٹ کریں اور دوبارہ سے چیک کریں کہ وہ ایپس ڈیلیٹ ہوئی ہیں یا نہیں۔

اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہیکرز آپ کے بینک اکاؤنٹس اور ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ تک رسائی نہ حاصل کر سکیں۔ (فائل فوٹو: پکسابے)

4: فیکٹری ری سیٹ کا آپشن

اگر تمام تر کوششوں کے باوجود مشکوک ایپس ختم نہ ہوں تو ایک آخری حل کے طور پر فیکٹری سیٹنگز میں جا کر فون کو ری سیٹ کر دیں۔ اگرچہ اس سے فون میں موجود تمام ڈیٹا ڈیلیٹ ہو جائے گا اس لیے اسے آخری آپشن کے طور پر سمجھیں۔

5: دوستوں کو خبردار کریں

اپنی کونٹیکٹ لسٹ میں موجود دوستوں اور جاننے والوں کو موبائل فون کے ہیک ہونے کا بتائیں اور خبردار کریں کہ آپ کی طرف سے آنے والے کسی بھی میسج پر کلک نہ کریں اور اسے ڈیلیٹ کر دیں۔

 

شیئر: