ایپل ایونٹ 2025: آئی فون 17 کے نئے ماڈلز سمیت دیگر پراڈکٹس لانچ، نیا سرپرائز کیا تھا؟
منگل 9 ستمبر 2025 22:48
عرفان احمد -اردو نیوز اسلام آباد
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنی سالانہ تقریب میں نئے آئی فونز، ایئرپوڈز، واچز متعارف کروا دی ہیں۔
منگل کو امریکی ریاست کیلیفورنیا میں قائم ایپل پارک میں ایپل کے سال 2025 کے ایونٹ کی نشریات یوٹیوب پر لائیو نشر کی گئیں۔
ایپل ایونٹ میں آئی فون 17، آئی فون 17 پرو، آئی فون ایئر، ایپل واچ 11، ایپل واچ ایس ای 3، ایپل واچ الٹرا 3 اور ایئرپوڈز پرو 3 متعارف کروائے گئے۔
ایئر پوڈز 3
ایپل کے نئے ایئرپوڈز تھری نئے بہتر ڈیزائن کے ساتھ متعارف کروائے گئے ہیں جو چار گنا بہتر ایکٹو نوائئز کینسلیشن کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ان ایئرپوڈز میں لائیو ٹرانزلیشن کا فیچر متعارف کروایا گیا ہے جو کسی بھی زبان کو ترجمہ کر کے آپ کو براہ راست آپ کی زبان میں سنا سکتا ہے۔
ان کا سائز پہلے سے چھوٹا کر دیا گیا ہے تاکہ آسانی سے کان میں سما سکیں۔
اب آپ ان ایئرپوڈز سے ہارٹ ریٹ جانچ سکتے ہیں اور ورزش کے دوران آن ڈیوائس کیلوریز بھی مانیٹر کر سکتے ہیں۔
یہ ایئرپوڈز آپ کی ایپل واچ کے ساتھ منسلک ہو کر بہتر ورک آؤٹس کے آپشن مہیا کرتے ہیں۔
ان کی آئی 57 ریٹنگ ہے جو دھول اور پانی سے بہتر حفاظت فراہم کرتی ہے۔
نوائز کینسلیشن کے ساتھ ان کی بیٹری آٹھ گھنٹے جبکہ ٹرانسپیرنسی موڈ کے ساتھ بیٹری 10 گھنٹے تک کام کرسکتی ہے۔
نئے ایئرپوڈز پرو 3 کی قیمت 249 ڈالرز ہے جو کہ 9 ستمبر سے دستیاب ہوں گے۔
ایپل واچ سیریز 11، ایس ای 3 اور واچ الٹرا 3
ایپل کی نئی واچ سیریز 11 فائیو جی سلیولر سروس کے ساتھ آتی ہے اور یہ دو گنا بہتر سکریچ رسسٹنٹ ہے۔
اب آپ اس نئی گھڑی سے اپنا بلڈ پریشر جانچ سکتے ہیں اور یہ آپ کے لیے ہائپر ٹینشن کی تشخیص بھی کر سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ دل کی صحت اور نیند کا معیار بھی جانچنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
اس واچ سے آپ اپنی نیند کو ٹریک کر سکتے ہیں کہ آپ کتنا سوئے کتنی بار اٹھے اور آپ کی نیند کا معیار کیسا تھا۔
ایپل واچ 11 آپ کو 24 گھنٹے کا بیٹری ٹائم دیتی ہے۔ یہ جیٹ بلیک، سلور، روز گولڈ اور سپیس گرے رنگوں میں دستیاب ہے جبکہ ٹائٹینیم پالشڈ رنگوں میں نیچرل، گولڈ اور سلیٹ کلر شامل ہیں۔
ایپل واچ ایس ای تھری میں آلویز آن ڈسپلے، جیسچر سپورٹ دی گئی ہے اور اس میں بڑے ماڈلز کی واچز جیسے فال اور کریش ڈٹیکشن جیسے فیچرز دیے گئے ہیں۔
واچ ایس ای تھری 18 گھنٹے کا سکرین ٹائم دیتی اور بہتر چارجنگ سپیڈ فراہم کرتی ہے۔ یہ الومینیم سے بنے سٹارلائٹ اور مڈ نائٹ رنگوں میں دستیاب ہوگی۔
ایپل کی واچ الٹرا 3 اب تک کی سب سے بڑی ڈسپلے کے ساتھ آتی ہے جس کے کنارے مزید کم کر دیے گئے ہیں۔
اس واچ میں فائیو جی اور سیٹلائٹ کی سپورٹ بھی موجود ہے۔ ہنگامی صورتحال میں سیٹلائٹ کے ذریعے ایس او ایس میسجز کی سروس تین سال تک ملتی ہے جبکہ میسجز اور فائنڈ مائے کی سہولت سلیولر پلان کے ساتھ ملے گی۔
واچ الٹرا تھری 42 گھنٹے کے بیٹری ٹائم کے ساتھ آتی ہے اوراس میں واچ 11 کے تمام فیچرز موجود ہوں گے۔
ایس ای تھری کی قیمت 249 ڈالر، سیریز 11 کی قیمت 399 ڈالر جبکہ الٹرا تھری کی قیمت 799 ڈالر رکھی گئی ہے۔ تمام واچز 19 ستمبر سے دستیاب ہوں گی۔
آئی فون 17
عام طور پر آئی فون کے دو سٹینڈرڈ ماڈلز ہوتے ہیں، لیکن اس سال صرف ایک ماڈل پیش کیا جا رہا ہے کیونکہ ایپل ’پلس‘ ماڈل کو ختم کر رہا ہے اور اس کی جگہ پتلا ترین آئی فون ایئر متعارف کرایا جا رہا ہے۔
آئی فون 17 بظاہر آئی فون 16 جیسا ہی نظر آئے گا، تاہم اس کی ڈسپلے اس بار بڑی ہوگی۔ 6.1 انچ کے بجائے یہ 6.3 انچ ہوگی، جو آئی فون 16 پرو کے برابر ہے۔ رنگوں کے آپشنز میں بلیک، وائٹ، لیوینڈر، مِسٹ بلیو اور سیج شامل ہو سکتے ہیں۔
آئی فون 17 کے کیمرہ بمپ میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی۔ اس میں پہلے کی طرح ڈوئل لینس کیمرہ سیٹ اپ ہوگا جو ایک چھوٹے ورٹیکل پِل نما بمپ میں ہوگا۔
آئی فون 120 ہرٹز پروموشن ریفریش ریٹ اب صرف پرو ماڈلز تک محدود نہیں رہے گا بلکہ پورے لائن اپ میں دستیاب ہوگا جیسا کہ آئی فون 17۔ اس میں آلویز آن ڈسپلے، پتلے بارڈرز اور 3000 نٹس کی برائٹنس دی گئی ہے۔
آئی فون 17 کو سٹینڈرڈ A19 چپ کے ساتھ پیش کیا گیا ہے جو اپڈیٹ شدہ 3 نینو میٹر پراسس پر مبنی ہوگی۔ A19، A18 کے مقابلے میں رفتار اور کارکردگی میں بہتری لائے گی۔
آئی فون 17 کی سکرین میں اینٹی رفلیکٹو کوٹنگ دی گئی ہے جو تیز روشنی میں سکرین کو بہتر انداز میں دیکھنے کے قابل بناتی ہے۔
ایپل دعویٰ کرتا ہے کہ آئی فون 17 کی بیٹری پچھلے ماڈل کی نسبت آٹھ گھنٹے زیادہ ویڈیو پلے بیک ٹائم مہیا کرے گی۔
اس کے کیمرہ کی بات کی جائے تو ایک 48 میگا پکسل کا فیوژن کیمرہ، ایک 12 میگا پکسل کا ٹیلی فوٹو کیمرا دیا گیا ہے۔
اس بار اہم تبدیلی فرنٹ کیمرہ سسٹم میں کی گئی ہے۔ ایپل نے اسے سینٹر سٹیج فرنٹ کیمرہ کا نام دیا ہے جو 18 میگا پکسل کا ہے۔ آپ کو زیادہ بڑی سیلفیز لینے کے لیے فون کو گھمانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ فرنٹ کیمرا کا بڑا سینسر سیلفی کو فون سیدھا پکڑے ہی لینڈسکیپ طریقے سے کلک کر سکتا ہے۔
آئی فون 17 ماڈل کم از کم 256 جی بی کی سٹوریج میں دستیاب ہوگا اور اس کی قیمت 799 ڈالر سے شروع ہوگی۔
آئی فون ایئر
ایپل کی پوری تقریب کی ہائی لائٹ نیا اور کمپنی کا اب تک کا سب سے پتلا آئی فون ایئر تھا۔
چمکتی ہوئی ٹائٹینیم باڈی اور سیرامک شیلڈ میں لپٹا آئی فون ایئر ایک مضبوط ڈیزائن کے ساتھ آتا ہے۔ اس کا سکرین سائز 6.5 انچ ہے جس میں 120 ہرٹز کا ریفریش ریٹ، ایک ہرٹز پر آلویز آن ڈسپلے اور 3 ہزار نٹس کی برائٹنس دی گئی ہے۔
اس فون کے دونوں جانب سرامک شیلڈ دی گئی ہے اور فون کے اوپر دیے گئے پلاٹیو یعنی بمپ میں ایک کیمرہ، سپیکر اور ایپل سلیکون موجود ہیں۔
آئی فون ایئر میں ایپ کی جدید ترین چپ A19 pro شامل ہے۔ یہ سپیس بلیک، کلاؤڈ وائٹ، لائٹ گولڈ اور سکائی بلیو رنگوں میں دستیاب ہوگا۔
اس فون میں ایپل کی ڈیزائن کردہ وائرلیس این ون چپ ہے جو وائی فائی 7 بلیو ٹوتھ اور تھریڈز کی حامل ہے۔
اس فون میں ایک ہی 48 میگا پکسل کا فیوژن کیمرہ دیا گیا ہے۔ اور اہم فیچر جو ایپل نے دیا ہے وہ ڈؤل ویڈیو ریکارڈنگ ہے جس کی مدد سے آپ فرنٹ اور بیک کیمرہ سے ایک ہی وقت میں ویڈیو ریکارڈ کر سکتے ہیں۔
آئی فون ایئر دنیا بھر میں صرف ای سم ماڈل میں ہی دستیاب ہوگا یعنی اس میں فیزیکل سم کی گنجائش موجود نہیں ہے۔
ایپل نے اس فون کی بیٹری کی خصوصیات تو نہیں بتائیں مگر ایک میگ سیف بیٹر پیک متعارف کرایا ہے جو فون کو وائر لیس چارج کر سکتا ہے۔
آئی فون ایئر کی قیمت 999 ڈالر رکھی گئی ہے۔
آئی فون 17 پرو اور 17 پرو میکس
ایپل کے مطابق آئی فون 17 پرو ماڈلز میں ایسے اپ ڈیٹس کیے گئے ہیں جن سے ان کی پائیداری بہتر ہوگی اور ڈیوائس کے بیرونی ڈیزائن میں تبدیلی آئے گی۔ ٹائٹینیم فریم کے بجائے ایپل نے ایلومینیم کا استعمال کیا ہے۔
آئی فون 17 پرو میں یُونی باڈی ڈیزائن ہے جس کے اوپر کے حصے میں نئے پرو کیمرے اور انٹیناز موجود ہیں۔
اس میں ویپر چیمبر نامی نیا کولنگ سسٹم دیا گیا ہے جو فون کو بہتر انداز میں ٹھنڈا رکھے گا۔ اور فون کے دونوں اطراف سرامک کوٹنگ اس کو مزید پائیدار بنائے گی۔
ایپل کا دعویٰ ہے کہ ٹائٹینیم کی نسبپ الومینیم بیس گنا بہتر انداز میں فون کو ٹھنڈا رکھے گا۔
یہ فون صرف تین رنگوں میں دستیاب ہوگا جن میں سلور، ڈیپ بلیو اور کاسمک اورنج شامل ہیں۔
اس فون کے تینوں کیمرے 48 میگا پکسل کے کر دیے گئے ہیں اور تینوں فیوژن کیمرے ہوں گے۔ کیمروں کا آپٹیکل زوم 1x سے 8x جبکہ ڈیجیٹل زوم 40x ہے۔
اس میں ویڈیو شوٹنگ کے لیے ڈالبی ویژن ایچ ڈی آر، 4k 120fps، ACES سپورٹ اور ProRes RAW جیسے فیچرز ہیں۔
آئی فون 17 پرو کی قیمت 1099 ڈالر جبکہ آئی فون 17 پرو میکس کی قیمت 1199 ڈالر سے شروع ہوگی۔ اس فون میں 2TB سٹوریج کا آپشن بھی دیا گیا ہے۔