’کتابیں خریدنے آئے، لیکن دکان بند ملی‘، ایف بی آر نے سعید بک بینک کو سیل کیوں کیا؟
’کتابیں خریدنے آئے، لیکن دکان بند ملی‘، ایف بی آر نے سعید بک بینک کو سیل کیوں کیا؟
بدھ 10 ستمبر 2025 17:12
چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس عائشہ فاروق کا کہنا ہے کہ سعید بک بینک کو پی او ایس سسٹم نہ لگانے پر بند کیا گیا ہے۔ (فوٹو: اردو نیوز)
لاہور کے رہائشی رانا بلال بدھ کی شام خصوصی طور پر اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون مرکز میں واقع سعید بک بینک پہنچے تاکہ اپنی مطلوبہ چند کتابیں خود دیکھ کر خرید سکیں، مگر وہاں پہنچنے پر انہیں یہ جان کر حیرت ہوئی کہ سعید بک بینک بند ہے۔
اسلام آباد کے معروف تجارتی علاقے ایف سیون مرکز میں قائم پاکستان کی مشہور بک شاپ سعید بک بینک کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پوائنٹ آف سیل سسٹم نصب نہ کرنے پر سیل کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں آج وہاں آنے والے متعدد شہریوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا، جن میں لاہور سے آنے والے رانا بلال بھی شامل تھے۔
انہوں نے شاپ کے باہر اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے دوکان کی بندش پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔
ایف بی آر کی یہ کارروائی گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آر ٹی او اسلام آباد اویس اسحاق کی سربراہی میں کی گئی، جنہوں نے پوائنٹ آف سیل سسٹم نہ ہونے پر بک شاپ پر چھاپہ مارا اور شاپ کو سیل کر دیا۔
چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد عائشہ فاروق نے اردو نیوز سے گفتگو میں تصدیق کی کہ سعید بک بینک کو پی او ایس سسٹم نہ لگانے پر بند کیا گیا ہے۔
ایف بی آر کی پالیسی کے مطابق ملک بھر کے تمام ریٹیلرز کے لیے پوائنٹ آف سیل سسٹم سے انٹیگریشن لازمی ہے، اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔
ایسی صورت میں جہاں پی او ایس کی تنصیب نہ ہو، نہ صرف جرمانہ عائد کیا جاتا ہے بلکہ دکان کو سیل بھی کیا جا سکتا ہے۔ البتہ جب متعلقہ ادارہ مطلوبہ تقاضے پورے کر لیتا ہے تو شاپ دوبارہ کھول دی جاتی ہے۔
سعید بک بینک کی ویب سائٹ کے مطابق اس ادارے کی بنیاد 1955 میں پشاور میں رکھی گئی، جہاں یہ 40 سال تک خدمات فراہم کرتا رہا۔ بعدازاں 1999 میں اسلام آباد کے ایف سیون مرکز میں اس کی تین منزلہ شاخ قائم کی گئی، جو جلد ہی دارالحکومت کے علمی و ادبی حلقوں میں مقبول ہو گئی۔
’پوائنٹ آف سیل‘ نہ لگانے پر ایف بی آر نے سعید بک بینک کو منگل کو سیل کیا تھا۔
بدھ کو ایف سیون مرکز میں آنے والے متعدد کتب بینی کے شوقین افراد جب سعید بک بینک کو بند پایا تو مایوسی کے ساتھ واپس لوٹ گئے۔ بظاہر انہیں اس بندش کی پیشگی اطلاع نہیں تھی۔
ادھر ٹیکس ماہرین کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کے قواعد و ضوابط تمام ریٹیلرز کے لیے یکساں ہیں، خواہ وہ بک شاپ ہو یا کوئی عام دکان۔ اگر کوئی کاروبار ان پر عمل نہیں کرتا تو ایف بی آر قانونی کارروائی کا اختیار رکھتا ہے۔
اردو نیوز نے اس معاملے پر سعید بک بینک کے منتظمین سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی تاکہ ان کا مؤقف لیا جا سکے، تاہم تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ پوائنٹ آف سیل ایک ایسا نظام ہے جس کے ذریعے دکانوں میں خرید و فروخت کا مکمل ریکارڈ رکھا جاتا ہے۔ اس میں کمپیوٹر، بار کوڈ سکینر، رسید پرنٹر اور کارڈ ریڈر شامل ہوتے ہیں۔ پاکستان میں ایف بی آر نے اس نظام کو نافذ کیا ہے تاکہ ٹیکس نظام کو مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔