Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: پی آئی اے کا کینیڈا کے لیے فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل

یہ پیج مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا

اہم نکات

  • صدر آصف علی زرداری چین کے سرکاری دورے پر چنگدو پہنچ گئے
  • دریائے سندھ اور چناب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن
  • اگلے 48 گھنٹوں میں گدو بیراج پر نہایت اونچے درجے کا سیلاب
  • سیلابی پانی میں کشتی ڈوبنے سے تین ہلاک، چار لاپتہ
  • وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز کا سیلاب سے متاثرہ رحیم یار خان کا دورہ

پی آئی اے کا کینیڈا کے لیے فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل
پی آئی اے نے رواں ماہ پاکستان سے کینیڈا کے لیے اپنے فضائی آپریشن کو عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ ہے۔
جمعرات کو ترجمان  پی آئی اے کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ اقدام بحر اوقیانوس کو پار کرنے والے خصوصی بوئنگ 777 لانگ رینج طیاروں کی ضروری میٹیننس  کے لیے کیا گیا ہے۔
​دونوں لانگ رینج طیاروں کو تین ہفتوں کے لیے تکنیکی معائنے اور پرزہ جات کی تبدیلی کے عمل سے گزارا جائے گا جوکہ ہر دس سال بعد ناگزیر ہوتا ہے۔
اس وقت طیاروں کی مرمت  کا مقصد آنے والے مہینے میں متوقع مسافروں کے رش سے پہلے اپنے طیاروں کو مکمل طور پر تیار کرنا ہے۔

صدر آصف علی زرداری چین کے سرکاری دورے پر چنگدو پہنچ گئے

‏ صدر آصف علی زرداری چین کے سرکاری دورے پر چنگدو پہنچ گئے جہاں ایئرپورٹ پر نائب وزیر خارجہ سن وی دونگ اور نائب گورنر سیچوان ہوانگ ریشیا نے صدر کا استقبال کیا۔
‏جمعرات کو ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق ’اس دورے میں صدر آصف زرداری چینی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور پاکستان چین تعلقات مزید مضبوط بنانے پر بات ہوگی۔‘
’‏صدر آصف زرداری مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع پر بات کریں گے، جبکہ پاک چین آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔‘

اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان ریل کار چلانے کا منصوبہ زیرِغور

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اگلے اجلاس کی میزبانی کے لیے اسلام آباد شہر کو خوبصورت بنانا ہے۔
جمعے کو اسلام آباد ایکسپریس وے اور جی ٹی روڈ کے جنکشن پر فلائی اوور کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’عوامی مفاد کے ایک اور بہترین منصوبے کا خیال بھی پیش کیا گیا جس میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان ریل کار چلائی جائے۔‘
انہوں نے کہا کہ اس خیال کے پیچھے وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر ریلوے حنیف عباسی ہیں۔
’اب اگر ریل کار کے ذریعے ٹرانسپورٹ کا یہ منصوبہ روبہ عمل ہو جائے تو اس سے دونوں شہروں اور قریبی علاقوں سے آنے والوں کو بے پناہ فائدہ پہنچے گا۔‘

اگلے 48 گھنٹوں میں گدو بیراج پر اونچے درجے کے سیلاب کی پیشگوئی

پاکستان کی وزارتِ آبی وسائل نے کہا ہے کہ تربیلا ڈیم 27 اگست سے 100 فیصد بھرا ہوا ہے جبکہ منگلا ڈیم 93 فیصد بھرا ہے اور وہاں مزید 6 فٹ پانی کی گنجائش موجود ہے۔
دوسری جانب فیڈرل فلڈ کمیشن نے کہا ہے کہ دریائے چناب میں پنجند بیراج کے مقام پر غیر معمولی اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دریائے سندھ میں گدو اور سکھر بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔
فیڈرل فلڈ کمیشن کے مطابق اگلے 48 گھنٹوں میں گدو بیراج میں بہت اونچے درجے کے سیلاب کی پیشگوئی ہے۔
دریائے راوی میں سدھنائی کے مقام پر اونچے درجے کا جبکہ دریائے ستلج میں سلیمانکی اور اسلام ہیڈ ورکس کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔‘

بارش کا امکان نہیں، مارگلہ کی ہائکنگ ٹریلز کو کھول دیا گیا

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے مارگلہ ٹریلز  پر ہائکنگ کی غرض سے جانے والے شہریوں کو آگاہ کیا ہے کہ اب وہ پہاڑیوں پر جا سکتے ہیں۔
جمعے کو ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کی جانب سے تمام ہائکنگ ٹریلز کو کھول دیا گیا اور شہریوں کو بتایا گیا ہے کہ وہ ہائکنگ کے لیے مارگلہ سمیت تمام ٹریلز کا رخ کر سکتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک بارشوں کا امکان نہیں اس لیے ٹریلز کو کھول دیا گیا۔
ہائکنگ ٹریلز کو شہر میں جاری بارشوں کی وجہ سے عارضی طور پر بند کیا گیا تھا، فیصلہ شہریوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے لیا گیا تھا۔‘

تحصیل لیاقت پور سے 90 فیصد آبادی کا انخلا کیا گیا، کمشنر بہاولپور

پنجاب حکومت نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ آبادیوں میں ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، پاکستان آرمی، سول ڈیفنس اور دیگر محکموں کا مشترکہ ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے۔
جمعے کو جاری کیے گئے بیان کے مطابق کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں نے آر پی او رائے بابر علی کے ہمراہ دریائے چناب سے متاثرہ مواضعات نور والا اور گل محمد لنگاہ کا دورہ کیا۔
کمشنر بہاولپور ڈویژن نے بتایا کہ تحصیل لیاقت پور کے  پانچ پوائنٹس پر ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ نور والا پر ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا۔ اس موضع سے 20 ہزار سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا۔ پانچ متاثرہ مواضعات سے 90 فیصد آبادی کا انخلاء مکمل کر لیا گیا ہے۔

اسلام آباد کے سملی ڈیم سے پانی کے اخراج کا فیصلہ

اسلام آباد کے سملی ڈیم میں پانی اپنی زیادہ سے زیادہ گنجائش کی سطح 2315 فٹ تک پہنچ گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق جمعے کی سہ پہر 5 بجے ڈیم کے مرکزی سپل وے کا ایک گیٹ دو فٹ  تک کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
 جاری کیے گئے بیان کے مطابق پانی کا اخراج تقریباً 1700 کیوسک ہوگا، جو ڈیم کے زیادہ سے زیادہ اخراج کی صلاحیت کا صرف چار فیصد ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ’دریائے سواں کی قریبی آبادیاں حفاظتی انتظامات کریں، متعلقہ علاقہ مکینوں کو ٹیلی فون اور سائرن کے ذریعے بھی انتباہ کیا جا رہا ہے۔‘

بلوچستان میں اقلیتوں کی بہبود کے لیے فنڈ قائم کرنے کی منظوری

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اقلیتوں کی بہبود کیلئے انڈونمنٹ فنڈ قائم کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
کوئٹہ میں وزیراعلٰی کے دفتر سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق بلوچستان کابینہ نے پروانشل ایوی ایشن سٹریٹجی و تین سالہ پروگرام برائے ایوی ایشن ڈویلپمنٹ پلان 2025 تا 2027 کی بھی منظوری دے دی۔
صوبائی کابینہ نے محکمہ داخلہ کی سفارشات پر نفرت آمیز اشاعت شدہ مواد پر پابندی لگانے کی منظوری دی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

وزیراعلی پنجاب مریم نواز جنوبی پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق مریم نواز صوبائی وزرا کے ہمراہ شیخ زید ایئرپورٹ رحیم یارخان پہنچیں گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شیخ زید ایئرپورٹ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے وزیراعلٰی پنجاب سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے جائیں گی۔
وزیراعلی کی آمد موقع پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔

سیلابی پانی میں کشتی ڈوبنے سے تین ہلاک، چار لاپتہ

رحیم یار خان میں لیاقت پور کے علاقے نور والا میں ریسکیو اپریشن کے دوران سیلاب متاثرین کی کشتی الٹنے سے دو خواتین سمیت تین افراد ڈوب کر ہلاک ہوئے جبکہ 13 افراد کو ریسکیو آپریشن کے ذریعے بچا لیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیلاب میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کے لیے آپریشن جاری تھا اور کشتی میں 20 سے زائد افراد سوار تھے۔
ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ چار افراد لاپتہ ہوئے جن کی تلاش میں ریسکیو آپریشن کیا گیا۔

شیئر: