پہلی مرتبہ، ریسل مینیا کے مقابلے ریاض میں ہوں گے
’یہ اس ایونٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ شمالی امریکہ سے باہر منعقد ہو رہا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آل الشيخ نے کہا ہے کہ ریاض سیزن 2027 میں دنیا کے سب سے بڑے ریسلنگ ایونٹ (WrestleMania 43) کی میزبانی کی جائے گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ اس ایونٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوگا کہ وہ شمالی امریکہ سے باہر منعقد ہو رہا ہے اور اس کی میزبانی سعودی عرب کا دارالحکومت ریاض کرے گا۔
ترکی آل الشيخ نے کہا ہے کہ ’یہ ایونٹ، اتھارٹی اور WWE کے درمیان تعاون کے سفر میں غیر معمولی سنگِ میل ہے‘۔
ان کا کہنا ہے کہ ’WrestleMania ریسلنگ کی دنیا کا سب سے بڑا ایونٹ ہے اور اس کی میزبانی ریاض سیزن 2027 میں تاریخی قدم ہوگا جس کے ذریعے ہم ایک ایسی منفرد اور شاندار ایڈیشن پیش کرنا چاہتے ہیں جو اس چیمپئن شپ کی تاریخ اور دنیا بھر کے شائقین کی توقعات کے شایانِ شان ہو‘۔
دوسری جانب WWE کے چیف کنٹینٹ آفیسر پال ٹریپل ایچ لیوسک نے کہا ہے کہ ’ترکی آل الشيخ اور جنرل اتھارٹی فار انٹرٹینمنٹ نے کھیل اور تفریح کی دنیا میں ایک بڑا انقلاب برپا کیا ہے اور وہ ہمارے لیے غیر معمولی شراکت دار رہے ہیں‘۔
’ہم ان کے ساتھ مل کر WrestleMania 43 کو ایک بے مثال سطح پر پیش کرنے کے منتظر ہیں‘۔
خیال رہے کہ ریسل مینیا کے انعقاد کے مقام اور حتمی تاریخ کا اعلان آئندہ مہینوں میں کیا جائے گا۔