ٹی20 ایشیا کپ: پاکستان اور انڈیا آج آمنے سامنے ہوں گے
        
        
            
           												
													
												  اتوار 14 ستمبر 2025 6:36												
                                                                
        
            
                                    
                
                سوشل ڈیسک                -اردو نیوز
                                
                
             
                        
            
			
	
	       
	
				
            
                دبئی میں جاری ٹی20 ایشیا کپ کے چھٹے میچ میں آج انڈیا اور پاکستان مدمقابل ہوں گے۔
دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں میچ کا آغاز شام ساڑھے سات بجے ہوگا جبکہ ٹاس سات بجے شیڈول ہے۔ 
انڈیا اور پاکستان کے درمیان رواں برس مئی میں ہونے والی فوجی کشیدگی کے بعد دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ ایک دوسرے کا سامنا کریں گی۔
انڈیا حالیہ ٹی20 کرکٹ چیمپئن ہے جبکہ پاکستان نے آخری پانچ ٹی20 سیریز میں سے تین سیریز جیت رکھی ہیں۔
ای ایس پی این کے مطابق مجموعی طور پر انڈیا اور پاکستان ٹی20 کرکٹ فارمیٹ میں اب تک 13 مرتبہ مدمقابل آ چکے ہیں جن میں سے نو مرتبہ انڈیا کا پلڑا بھاری رہا جبکہ تین میچز میں پاکستان فاتح بنا اور ایک میچ ڈرا ہوا۔
حالیہ ایونٹ میں دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں۔ انڈیا نے متحدہ عرب امارات جبکہ پاکستان نے عمان کو شکست دی ہے۔
رواں برس مئی میں چار روز تک جاری رہنے والی لڑائی کے بعد اتوار کو پہلا ایسا موقع ہے جب انڈیا اور پاکستان ایشیا کپ کے شیڈول گروپ میچ میں آمنے سامنے ہوں گے۔
دونوں ممالک کی کروڑوں نُفوس پر مشتمل آبادی کو انڈیا پاکستان میچ کا انتظار تو ہے لیکن انڈیا سے کئی مرتبہ اس میچ کو کینسل اور بائیکاٹ کرنے کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں۔
