وزیر سیاحت نے ’سعودی ونٹر 2025‘ پروگرام کا اجرا کردیا
’حيّ الشتاء‘ ( سرما خوش آمدید) کے نعرے کے تحت پروگرام کا جامع تعارف پیش کیا گیا‘ ( فوٹو: سبق)
وزیرسیاحت احمد بن عقیل الخطیب نے ’سعودی وِنٹر پروگرام 2025‘ کا اجراکیا ہے جس کی افتتاحی تقریب ریاض میں منعقد ہوئی ہے اور اس میں نجی شعبے کے 120 سے زائد شراکت داروں نے شرکت کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق تقریب کے دوران ’حيّ الشتاء‘ ( سرما خوش آمدید) کے نعرے کے تحت پروگرام کی نمایاں خصوصیات کا جامع تعارف پیش کیا گیا ہے۔
تقریب میں خصوصی ایونٹس کیلنڈر کا اعلان کیا گیا اور مختلف سیاحتی موسموں اور سرگرمیوں کا بھی انکشاف کیا گیا ہے۔
ان پروگراموں میں ریاض سیزن، درعیہ سیزن، العلا سیزن اور الخبر سیزن شامل ہیں۔
اسی کے ساتھ سیاحتی مصنوعات، مقامات اور ثقافتی سرگرمیوں پر بھی روشنی ڈالی گئی جو مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی سیاحوں کے تجربے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

یہ پروگرام پہلی سہ ماہی 2026 کے اختتام تک جاری رہے گا اور اس میں مختلف مراحل شامل ہوں گے جن کے دوران 1200 سے زائد سیاحتی مصنوعات اور 600 سے زیادہ خصوصی آفرز ریاض، الدرعیہ، جدہ، العلا، بحیرہ احمر اور مشرقی خطے سمیت القصیم، حائل اور مدینہ منورہ جیسے منفرد مقامات پر پیش کی جائیں گی جو سعودی عرب کے قدرتی، موسمی اور ثقافتی تنوع کی عکاسی کرتی ہیں۔