اگست میں سالانہ مہنگائی کی شرح 2.3 فیصد رہی
’محکمہ شماریات نے اگست 2025 کے لیے صارف قیمتوں کے اشاریئے (CPI) کا اعلان کیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ شماریات نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں اگست میں سالانہ مہنگائی کی شرح 2.3 فیصد رہی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ شماریات نے اگست 2025 کے لیے صارف قیمتوں کے اشاریئے (CPI) کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعداد و شمار اشاریہ کی جدید طریقۂ کار کے مطابق جاری کیے گئے ہیں۔
یہ طریقہ کار زیادہ جامع، جدید اور درست ڈیٹا فراہم کرتا ہے جو مہنگائی کی شرح کے حقیقی رجحانات کو ظاہر کرتا ہے اور اخراجات کے بدلتے ہوئے انداز کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کے ساتھ ساتھ خوردہ منڈیوں میں اشیا و خدمات کی قیمتوں کی نقل و حرکت کے گھریلو صارفین کے اخراجات پر اثرات کو بھی ناپتا ہے۔
یہ اقدام ادارے کی جانب سے شماریاتی مصنوعات اور اشاریوں کو مزید بہتر بنانے، ان کے معیار کو بلند کرنے اور انہیں بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ کرنے کی مسلسل کاوشوں کا حصہ ہے۔
اس کا مقصد جدید، درست اور جامع اعداد و شمار فراہم کرنا ہے تاکہ پالیسی ساز اور فیصلہ ساز اقتصادی و سماجی فیصلے بہتر طور پر تشکیل دے سکیں جو ملک میں پائیدار ترقیاتی منصوبوں کی تیاری اور وژن 2030 کے اہداف کے حصول میں معاون ہوں۔