Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سائبر سیکیورٹی مارکیٹ کے حجم میں 14 فیصد اضافہ

’سائبر سیکیورٹی مصنوعات و خدمات پر تقریباً 15.2 ارب ریال خرچ ہوئے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی قومی سائبر سیکیورٹی اتھارٹی نے سعودی عرب میں سائبر سیکیورٹی کے معاشی اشاریئے 2025 کی رپورٹ جاری کی ہے جس میں سائبر سیکیورٹی کی مارکیٹ کا حجم، اس کے مجموعی قومی پیداوار (GDP) میں کردار اور افرادی قوت کے نمایاں اشاریوں کا جائزہ پیش کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں سائبر سیکیورٹی کی مارکیٹ کا حجم 2024 کے دوران 2023 کے مقابلے میں 14 فیصد بڑھا ہے جہاں سرکاری و نجی شعبے کا کل خرچ سائبر سیکیورٹی مصنوعات و خدمات پر تقریباً 15.2 ارب ریال رہا ہے۔
اس میں سرکاری شعبے کا خرچ 4.8 ارب ریال (32 فیصد) جبکہ نجی شعبے کا خرچ 10.3 ارب ریال (68 فیصد) رہا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ مارکیٹ کی ترقی ان اقدامات اور پہل کاریوں کا نتیجہ ہے جنہوں نے سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ماحول فراہم کیا اور مسابقت کو فروغ دیا نیز حکومتی و نجی شعبے کے مابین انضمام نے اس شعبے کی نشو و نما میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
رپورٹ نے بتایا گیا ہے کہ 2024 کے دوران سائبر سیکیورٹی کے شعبے کا مجموعی قومی پیداوار میں حصہ 18.5 ارب ریال تک پہنچ گیا جو پچھلے سال کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہے۔
اس میں 9 ارب ریال براہِ راست خدمات و مصنوعات فراہم کرنے والوں سے اور 9.5 ارب ریال بالواسطہ ذرائع سے شامل ہیں۔
یہ کل GDP کا 0.40 فیصد اور غیر تیل پیداوار کے GDP کا 0.71 فیصد بنتا ہے۔
رپورٹ نے افرادی قوت کے اعداد و شمار بھی بیان کئے ہیں جن کے مطابق 2024 میں شعبے کے ماہرین کی تعداد 21 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 9 فیصد زیادہ ہے۔
یہ اضافہ مہارتوں کی نشو و نما اور ضروریات پوری کرنے کے لیے شروع کئے گئے قومی پروگراموں اور اقدامات کی بدولت ممکن ہوا۔
اس کے علاوہ خواتین کی شمولیت اس شعبے میں 32 فیصد سے زائد رہی جو عالمی اوسط (24 فیصد) سے کہیں زیادہ ہے۔

شیئر: