سعودی نائب وزیر دفاع کی مشترکہ دفاعی کونسل کے اجلاس میں شرکت
جمعرات 18 ستمبر 2025 20:33
شرکائے اجلاس نے قطرپر حملے کو جی سی سی پر حملہ قرار دیا(فوٹو،العربیہ)
سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے نائب وزیر دفاع شہزادہ عبدالرحمن بن محمد بن عیاف نے آج جمعرات کو جی سی سی ممالک کے وزرائے دفاع کی مشترکہ کونسل کے غیرمعمولی اجلاس میں مملکت کے وفد کی قیادت کی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کا غیرمعمولی اجلاس جمعرات کو قطر کے دار الحکومت دوحہ میں منعقد ہوا جس میں جی سی سی ممالک کے وزرائے دفاع اور جی سی سی کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی بھی شریک تھے۔
اجلاس میں شرکاء نے مسلسل اسرائیلی جارحیت اورقطر کی خود مختاری اور سالمیت کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور اس کے امن و استحکام کو درپیش خطرات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ۔
اجلاس میں شریک وزرا نے خلیجی دفاعی صلاحیتوں کو مزید بڑھانے کے لیے تمام عکسری و انٹیلی جنس کی سطحوں پر کیے جانے والے کاموں میں ہم آہنگی اور مشاورت کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور تمام خطروں و چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے دفاعی نظام کو تیز و مربوط کرنے پر زور دیا ۔
دریں اثنا العربیہ نیوز کے مطابق اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ مشترکہ طورپر خلیجی ریاستوں کے فضائی آپریشنزاور فضائی دفاعی مراکز کے درمیان مشترکہ مشقیں کرنے کی منظوری بھی دی گئی اس حوالے سے آئندہ تین ماہ میں مشترکہ فضائی مشقیں کی جائیں گی۔
دفاعی کونسل نے مشترکہ طورپر قطر پر ہونے والے حملے کی بھرپور مذمت کی اور اسے خلیج تعاون کونسل پر حملہ قرار دیتے ہوئے قطر کی جانب سے اپنی سلامتی و تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
