برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر لیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اتوار کو برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر کہا کہ ’آج، فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے لیے امن کی امید اور دو ریاستی حل کو زندہ کرنے کے لیے، برطانیہ نے باقاعدہ طور پر ریاستِ فلسطین کو تسلیم کر لیا ہے۔‘
برطانیہ کے اس فیصلے نے اسے اُن 140 سے زائد ممالک کی صف میں لا کھڑا کیا ہے جو پہلے ہی ریاستِ فلسطین کو تسلیم کر چکے ہیں، تاہم یہ فیصلہ اسرائیل اور اس کے اہم ترین اتحادی امریکہ کو ناگوار گزر سکتا ہے۔
یہ فیصلہ علامتی طور پر بھی غیرمعمولی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ برطانیہ نے جنگِ عظیم دوم کے بعد اسرائیل کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا تھا اور طویل عرصے سے اس کا حلیف رہا ہے۔
اتوار کو ہی کینیڈا اور آسٹریلیا نے بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا، جبکہ توقع ہے کہ اس ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران مزید ممالک اس فیصلے میں شامل ہو جائیں گے۔