Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی میں انسداد منشیات کا بڑا آپریشن، بین الاقوامی گروہ کے 7 ایشیائی ارکان گرفتار

26 کلو گرام منشیات اور 27913 نشہ آور گولیاں ضبط کی گئی ہیں۔ (فوٹو الامارات الیوم)
دبئی پولیس نے انسداد منشیات کے ایک بڑے اور  کامیاب آپریشن کے دوران ایشیائی ملک سے تعلق رکھنے والے7 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے جو بیرون ملک موجود سمگلر کی ہدایات پر کام کر رہے تھے۔
الامارات الیوم کے مطابق دبئی پولیس میں جنرل ڈیپارٹمنٹ آف اینٹی نارکوٹکس کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر خالد بن مویزۃ  نے بتایا یہ کارروائی وسیع تحقیقات، نگرانی اور فیلڈ مانیٹرنگ کے بعد کی گئی۔
 پولیس نے پہلے مشتبہ شخص کے گھر چھاپہ مار کر منشیات (کرسٹل) برآمد کی۔ دوران تفتیش پتہ چلا کہ  بیرون ملک موجود سمگلر کی ہدایات پر کام کیا جا رہا تھا۔ اسے منشیات دو الگ الگ مقامات پر تقسیم کرنے کی ہدایت کی گئی تھی ، بعد ازاں مزید 6 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ 
بریگیڈیئر خالد بن مویزہ کے مطابق مجموعی طور پر 26 کلو گرام منشیات کرسٹل، چرس، ہیروئن اور ماریجوانا کے علاوہ 27 ہزار 913 نشہ آور گولیاں ضبط کی گئی ہیں۔
یاد رہے امارات میں حکام نے گزشتہ ماہ منشیات سمگلنگ کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنایا تھا۔
نشہ آورگولیاں جن کی تعداد 89 ہزار 760 تھی کو انتہائی مہارت سے کپڑوں کے بٹنوں اور اسی قسم کی دیگر زیبائشی چیزوں میں چھپایا گیا تھا۔
 دبئی پولیس نے سعودی اتھارٹیز کے تعاون سے تین رکنی گروہ کو گرفتار کیا جو بڑی تعداد میں نشہ آور گولیاں سمگل کرنے کی کوشش کررہے تھے۔
ضبط کی جانے والی منشیات کی مالیت 44 لاکھ 88 ہزار درھم کے قریب بتائی جاتی ہے۔

 

شیئر: