سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل طلال شلھوب کا کہنا ہے سعودی وزارت داخلہ کی اطلاعات پر اماراتی ادارے نے منشیات سمگلنگ کی بڑی کارروائی کو کامیابی سے ناکام بنایا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق بریگیڈیئرشلھوب نے کہا کہ سعودی فورسز کو اطلاع ملی تھی کہ ایک بین الاقوامی گروہ امارات میں بڑی مقدار میں منشیات سمگل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
مزید پڑھیں
-
دو لاکھ 30 ہزار نشہ آور گولیاں سمگل کرنے کی کوشش ناکامNode ID: 893545
موصولہ اطلاع کو سعودی اتھارٹیز نے فوری طورپر اماراتی ادارے کو ارسال کی جس کی روشنی میں اماراتی ایجنسیز نے منشیات اسمگلنگ کی کارروائی کو ناکام بنا دیا۔
نشہ آورگولیاں جن کی تعداد 89 ہزار 760 تھی کو انتہائی مہارت سے کپڑوں کے بٹنوں اور اسی قسم کی دیگر زیبائشی چیزوں میں چھپایا گیا تھا۔
امارات الیوم کے مطابق دبئی پولیس نے سعودی اتھارٹیز کے تعاون سے تین رکنی گروہ کو گرفتار کیا جو بڑی تعداد میں نشہ آور گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش کررہے تھے۔
ضبط کی جانے والی منشیات کی مالیت 44 لاکھ 88 ہزار درھم کے قریب بتائی جاتی ہے۔

دبئی پولیس کا مزید کہنا تھا ’زہریلے بٹن‘ آپریشن پولیس کی ان کارروائیوں کا تسلسل ہے جو انسداد منشیات کے لیے جاری ہیں جس کا مقصد معاشرے کو منشیات فروشوں سے صاف کرنا ہے۔
گروہ کے دو ارکان کا تعلق عرب جبکہ تیسرا رکن ایشیائی ہے جنہوں نے منشیات کے زہریلے بٹن دبئی کے ایک فلیٹ میں چھپائے تھے جہاں سے انہیں برآمد کیا گیا۔
ملزمان کے بارے میں مصدقہ اطلاعات موصول ہونے پر ان کی نگرانی کی گئی اس دوران انہوں نے کئی بار اپنے ٹھکانے بھی تبدیل کیے مگر وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے دور نہ ہوسکے۔ پولیس ٹیمیں ملزمان کی 24 گھنٹے نگرانی کرتی رہیں۔