سعودی عرب کا یوم الوطنی: دفاعی معاہدہ دو طرفہ تعلقات میں سنگ میل ہے، پاکستان
پاکستان کی قیادت اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدے کو دو طرفہ تعلقات میں اہم سنگ میل اور ’مسلم امہ کے لیے اتحاد کا پیغام‘ قرار دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق منگل کو سعودی عرب کے 95ویں قومی دن کے موقع پر اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے کی جانب سے کنونشن سینٹر میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
اس تقریب میں سیاستدانوں، سول اور فوجی افسران، مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور دیگر افراد سمیت ہزاروں کی تعداد میں مہمانوں نے شرکت کی۔
پاکستان کے دارالحکومت کو سعودی پرچموں اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ تصاویر سے سجایا گیا۔
اسلام آباد کی عمارتیں سبز روشنیوں سے جگمگا رہی تھیں جو سعودی پرچم کے رنگ کی علامت ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ ایک دوسرے کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’دو مقدس مساجد کی سرزمین کی حفاظت محض ایک فرقیضہ نہیں بلکہ یہ ایک اعزاز ہے۔‘
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ ’دفاعی معاہدہ مسلم دنیا کو یہ پیغام دیتا ہے کہ اتحاد ان کی ڈھال اور یکجہتی ان کی طاقت ہے۔ ہم اپنی بہادر مسلح افواج پر اعتماد کے لیے سعودی عرب کی قیادت کو سراہتے ہیں۔‘
تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف کا ویڈیو پیغام بھی چلایا گیا جس میں انہوں نے سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دور اندیش قیادت میں مملکت کی ترقی کو سراہا۔
اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان خصوصی تعلقات ہیں جو دونوں ممالک کی موجودہ قیادت میں بڑھ رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں ہر پاکستانی کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ سعودی عرب ہر قسم کے حالات میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔‘
اس موقع پر عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ’دونوں ممالک کے درمیان دفاعی معاہدے کے پیش نظر پاکستان سعودی عرب کے قومی دن کو اپنے قومی دن کے طور پر منا رہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان (دفاعی) معاہدے کے بعد سعودی عرب کے خلاف کسی بھی جارحیت سے پاکستان کے خلاف جارحیت کے طور پر نمٹا جائے گا اور اگر پاکستان کے خلاف کوئی جارحیت ہوئی تو اسے سعودی عرب کے خلاف جارحیت سمجھا جائے گا۔‘
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ’دونوں ممالک ایک ہیں اور اب سعودی عرب کا قومی دن پاکستان کا قومی دن ہے۔‘
وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی شاہ اویس نورانی نے دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں پرانی دوستی کے تسلسل کے لیے دعا کی۔
تقریب میں پاکستان کے نامور گلوکار شہزاد رائے کی پرفارمنس نے حاضرین کو محظوظ کیا جبکہ نوجوان فنکار بھائیوں ریان زر اور اسحاق زر نے اس موقع پر سعودی قومی ترانہ بجایا۔
پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین طاہر اشرفی نے کہا کہ اس سال پاکستان بھر میں سعودی قومی دن منایا جا رہا ہے۔
