ایشیا کپ فائنل: انڈیا کا ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف بولنگ کا فیصلہ
اتوار 28 ستمبر 2025 17:01
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ایشیا کپ ٹی20 کے فائنل میچ میں انڈیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف بولنگ کا انتخاب کیا ہے۔
دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے سات بجے ہو گا۔
ایشیا کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ انڈیا اور پاکستان فائنل میچ میں مدمقابل ہیں۔
رواں ایونٹ میں انڈیا ناقابل شکست ہے اور پاکستان کو بھی گروپ اور سپر فور مرحلے کے میچز میں شکست دے چکا ہے۔
دوسری جانب پاکستان نے گروپ میچز مرحلے میں متحدہ عرب امارات اور اومان کی ٹیموں کو ہرایا جبکہ سپر فور مرحلے میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کو شکست دی۔
یاد رہے کہ اب تک انڈیا اور پاکستان کے درمیان 15 ٹی20 انٹرنیشنل میچز ہوچکے ہیں۔ دبئی میں کھیلا جانے والا آج کا میچ پاکستان اور انڈیا کے درمیان 16واں انٹرنیشنل ٹی20 میچ ہے۔
کُل 15 ٹی20 میچز میں سے 12 میں انڈیا نے کامیابی حاصل کی جبکہ تین میں گرین شرٹس نے فتح سمیٹی ہے۔
اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ انڈیا کا پلڑا کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں پاکستان پر بہت زیادہ بھاری رہا ہے حالانکہ ون ڈے اور ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کا پلڑا بھاری رہا ہے۔
