حارث رؤف اور سوریا کمار یادو پر آئی سی سی کا جُرمانہ، صاحبزادہ فرحان کو وارننگ
دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے دوران پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف کو آئی سی سی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 30 فیصد جُرمانہ عائد کیا ہے۔
آئی سی سی میچ ریفری رچی رچرڈسن نے جمعے کو دبئی میں سماعت کے بعد یہ فیصلہ سنایا۔
انڈیا کے خلاف 21 ستمبر کو کھیلے گئے میچ میں حارث رؤف کو باؤنڈری لائن پر فیلڈ کرتے ہوئے انڈین شائقین کی جانب سے چھیڑ چھاڑ کا سامنا کرنا پڑا۔
اس دوران حارث رؤف نے ہاتھوں سے 0-6 کا اشارہ کیا اور ہوائی جہاز گرانے کی اداکاری کی، جو بظاہر مئی میں ہونے والی انڈیا پاکستان جنگ کے دوران انڈین فضائیہ کے گرنے والے طیاروں کی جانب اشارہ تھا۔
اسی میچ میں پاکستانی بلے باز صاحبزادہ فرحان نے اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد گن فائر کی نقل کی، تاہم آئی سی سی نے انہیں صرف وارننگ دے کر چھوڑ دیا۔
دوسری جانب انڈین ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادو کو بھی اس سے قبل پاکستان کے خلاف گروپ میچ کے بعد فوجی تنازعے سے متعلق بیان دینے پر میچ فیس کا 30 فیصد جُرمانہ کیا گیا۔
انڈین کرکٹ بورڈ بورڈ (بی سی سی آئی) نے حارث رؤف اور فرحان کے خلاف شکایت درج کرائی تھی جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سوریا کمار یادو کے خلاف شکایت کی۔ تینوں کھلاڑیوں نے خود کو بے قصور قرار دیا تھا، جس کے بعد باقاعدہ سماعت کی گئی۔
خیال رہے کہ ایشیا کپ میں 14 ستمبر کو انڈیا اور پاکستان کے گروپ میچ کے دوران کشیدگی عروج پر رہی تھی۔ اس دوران دونوں ٹیموں نے ٹاس اور میچ کے اختتام پر ایک دوسرے کے ساتھ ہاتھ ملانے سے بھی گریز کیا۔ انڈیا نے یہ میچ سات وکٹوں سے جیتا تھا۔
اس کے بعد سپر فور مقابلے میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان متعدد بار تلخ کلامی بھی ہوئی۔ انڈیا کے اوپنر ابھشیک شرما نے بعد میں الزام لگایا کہ ’پاکستانی کھلاڑی بلا وجہ ہمارے خلاف برہم ہو رہے تھے۔‘
پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں ایشیا کپ میں اب تیسری بار دبئی میں اتوار کو فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ انڈیا اور پاکستان کی ٹیمیں ایشیا کپ کے کسی فائنل میچ میں مدمقابل آئی ہیں۔