Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویمنز ورلڈ کپ: پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں آج آمنے سامنے ہوں گی

رواں ایونٹ میں انڈیا اور پاکستان پہلی مرتبہ آمنے سامنے ہیں (فوٹو: گیٹی)
انڈیا اور سری لنکا میں جاری آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں آج روایتی حریف انڈیا اور پاکستان کی ٹیمیں مدِمقابل آئیں گی۔
سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں جاری ایونٹ میں میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر اڑھائی بجے ہو گا جبکہ ٹاس دو بجے شیڈول ہے۔
رواں ایونٹ میں دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ آمنے سامنے ہوں گی جبکہ اس سے قبل انڈیا نے سری لنکا کے خلاف کھیلا گیا میچ جیت رکھا ہے، تاہم پاکستان کو بنگلہ دیش نے ہرا دیا تھا۔
سنیچر کو پری میچ پریس کانفرنس میں پاکستان اور انڈیا دونوں ٹیموں نے واضح کر دیا ہے کہ ان کی توجہ صرف کھیل پر ہے۔
پاکستان کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا کہ ’پاکستان کے لیے انڈیا بھی کسی اور ٹیم کی طرح ہے اور ماضی میں دونوں ٹیموں کے درمیان خوش گوار تعلقات رہے ہیں۔‘
انڈیا کی بولنگ کوچ آوشکر سالوی نے بھی کہا ہے کہ ’بڑے ٹورنامنٹ میں توجہ کا مرکز صرف کرکٹ ہوتا ہے۔‘
اگرچہ یہ واضح نہیں کہ انڈیا کی خواتین کھلاڑی میچ کے بعد پاکستان ٹیم سے ہاتھ ملانے سے انکار کریں گی یا نہیں، البتہ اس سے قبل انڈیا میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ مینز ایشیا کپ کی طرح اس میچ میں بھی انڈین ٹیم پاکستانی ٹیم سے ہاتھ نہیں ملائے گی۔

شیئر: