Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویمن کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان اور انڈیا کے میچ میں ’ہاتھ ملانے کی کوئی ضمانت نہیں‘

ویمن کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں اتوار کو مدمقابل ہوں گی (فوٹو:این ڈی ٹی وی)
تین اتوار تین ٹاکرے۔۔ جی ہاں ہم بات کر رہے ہیں ایشیا کپ 2025 کی جس میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان نہ صرف بیٹ اور بال سے مقابلہ ہوا بلکہ اس بار ہاتھوں کے اشاروں سے بھی ایک دوسرے کے چھکے چھڑائے گئے۔
ایشیا کپ کا فائنل جیتنے کے بعد انڈین ٹیم نے نہ صرف پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کیا بلکہ ایشیا کپ کی ٹرافی لینے سے انکار کر دیا۔
انعامات ایک گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار رہی کیونکہ ٹرافی ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے پیش کرنا تھی، جو بیک وقت پی سی بی کے چیئرمین اور پاکستان کے وفاقی وزیرِ داخلہ بھی ہیں۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچز کے دوران اس غیر معمولی رویے کی شروعات انڈین ٹیم کے کپتان سوریہ کمار یادو نے کی۔
ان کے اس رویے کو انڈیا کے اندر کچھ حلقوں میں ’حب الوطنی کا اظہار‘ گردانا گیا تو کہیں اسے ’کھیل کی روح کے منافی‘ قرار دیا گیا۔
گذشتہ اتوار کرکٹ کی دنیا میں کافی ہنگامہ خیز رہا اور اب ایک اور اتوار آنے والا ہے جب پاکستان اور انڈیا کی ویمن ٹیمز میدان میں اُتریں گی۔
ایشیا کپ2025 کے اختتام کے بعد اس وقت انڈیا میں ویمن کرکٹ ورلڈ کپ جاری ہے اور اتوار کو پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
اس وقت نظریں انڈین کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور پر جم چکی ہیں اور یہ سوال کرکٹ شائقین کے ذہنوں میں گردش کر رہا ہے کہ کیا وہ بھی اسی رویے کو اپنائیں گی یا کھیل کو سیاست سے الگ رکھنے کی کوشش کریں گی؟

اس وقت نظریں انڈین کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور پر جم چکی ہیں کہ کیا وہ بھی مرد کھلاڑیوں کے رویے کو اپنائیں گی (فوٹو: اے ایف پی)

این ڈی ٹی وی کے مطابق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری دیواجیت سیکیا سے جب یہ سوال کیا گیا تو انہوں نے ہاں یا نہ میں جواب دینے سے گریز کیا اور صرف اتنا کہا کہ ’پاکستان کے ساتھ انڈیا کے تعلقات گزشتہ ایک ہفتے میں تبدیل نہیں ہوئے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں کوئی پیش گوئی نہیں کر سکتا، لیکن ہمارے تعلقات اس خاص مخالف ملک کے ساتھ ویسے ہی ہیں جیسے پہلے تھے۔ گذشتہ ایک ہفتے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔‘
بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سیکیا نے مزید کہا کہ انڈیا، پاکستان کے خلاف میچ کولمبو میں کھیلے گا اور تمام کرکٹ پروٹوکولز کی پیروی کی جائے گی۔
’میں صرف یہ یقین دہانی کرا سکتا ہوں کہ ایم سی سی کے قوانین کے مطابق جو کچھ ضروری ہے، وہی کیا جائے گا۔ ہاتھ ملائے جائیں گے یا نہیں، گلے لگائیں گے یا نہیں اس بارے میں میں اس وقت کچھ نہیں کہہ سکتا۔‘
بی سی سی آئی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا ہے کہ بی سی سی آئی حکومت کی پالیسی کے ساتھ مکمل ہم آہنگ ہے۔ ٹاس کے وقت روایتی مصافحہ ہوگا اور نہ ہی میچ کے اختتام پر ہاتھ ملائے جائیں گے۔ مردوں کی ٹیم نے جو پالیسی اپنائی تھی، وہی پالیسی خواتین کی ٹیم بھی اپنائے گی۔‘

 

شیئر: