غیرملکی ٹی20 لیگز، پاکستانی کھلاڑیوں کے ’این او سیز معطل‘
منگل 30 ستمبر 2025 11:56
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
شاہین آفریدی، بابر اعظم اور محمد رضوان ان سات پاکستانی کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو اس سیزن میں بیگ بیش لیگ میں کھیلنے والے ہیں۔ (فوٹو: آئی سی سی، گیٹی ایمجز)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھلاڑیوں کو غیرملکی ٹی20 لیگز میں شرکت کے لیے دیے جانے والے تمام این او سیز معطل کر دیے ہیں۔
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید نے 29 ستمبر کو ایک نوٹس جاری کیا جس میں کھلاڑیوں اور ایجنٹس کو اس فیصلے سے آگاہ کیا گیا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ ’چیئرمین پی سی بی کی منظوری سے کھلاڑیوں کی لیگز اور دیگر بیرونِ ملک ٹورنامنٹس میں شرکت کے لیے تمام این او سیز تاحکمِ ثانی روک دیے گئے ہیں۔‘
فیصلے کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی۔ یہ اقدام ایشیا کپ کے فائنل میں انڈیا کے خلاف پاکستان کی شکست کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔ حالانکہ اسی ٹور میں پاکستان نے ایک ٹی20 ٹرائی سیریز بھی جیتی تھی۔ اس کے علاوہ قائداعظم ٹرافی، جو پاکستان کا سب سے بڑا فرسٹ کلاس ڈومیسٹک ٹورنامنٹ ہے، اکتوبر میں شروع ہونے والا ہے۔
این او سیز کی تفصیلات ممکنہ استثنیٰ یا ان کی معطلی کی مدت کے بارے میں کچھ واضح نہیں کیا گیا۔
اس سیزن میں سات پاکستانی کھلاڑی جن میں بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی شامل ہیں، بگ بیش لیگ (BBL) میں شرکت کرنے والے تھے، جو دسمبر میں شروع ہوگی۔
اسی طرح یو اے ای میں یکم اکتوبر کو ہونے والی آئی ایل ٹی 20 نیلامی کی فہرست میں بھی 18 پاکستانی کھلاڑی شامل ہیں جن میں سے تین نمایاں نام نسیم شاہ، صائم ایوب اور فخر زمان ہیں۔
