کراچی: سعودی بزنس وفد سے وزیراعلیٰ سندھ کی ملاقات، سرمایہ کاری کے مواقع پر اتفاق
جمعرات 9 اکتوبر 2025 14:00
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سعودی پاک جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں 30 رکنی اعلیٰ سطحی وفد سے وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات، سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کابینہ اراکین شرجیل انعام میمن، ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، سعید غنی، ناصر حسین شاہ، اکرم دھاریجو اور چیف سیکریٹری کے ہمراہ وفد کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق وفد میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سمیت توانائی، زراعت، تعمیرات، کان کنی، لائیو اسٹاک، لاجسٹکس اور سرمایہ کاری کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز کاروباری شخصیات شامل تھیں۔
اجلاس میں پاکستان بزنس کونسل، اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سعودی سفارت خانے کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔
ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ’سندھ پاکستان کی معاشی ترقی کا گیٹ وے بننے کے لیے تیار ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے زمینوں کے ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کر دیا ہے اور سرمایہ کاری کے طریقہ کار کو آسان بنایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور اصلاحات پر مبنی ماحول کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت سعودی وژن 2030 کے اہداف سے مکمل ہم آہنگ ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری خطے کے معاشی مستقبل کے لیے اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے توانائی، زراعت، انفراسٹرکچر، لاجسٹکس، ماہی گیری، لائیو اسٹاک اور سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے حیدرآبادسکھر موٹروے اور کراچی کے بلیو اور ییلو لائن ٹرانزٹ سسٹم میں بھی شراکت کے امکانات پر روشنی ڈالی۔ اجلاس میں مختلف شعبوں میں مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام پر اتفاق کیا گیا تاکہ تعاون کے تسلسل کو یقینی بنایا جا سکے۔