Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریتا سنگھ نے بہت مدد کی، مستقل رابطے میں ہیں: سیف علی خان کا سابقہ اہلیہ کے بارے میں انکشاف

سیف علی خان نے اپنی سابقہ اہلیہ امریتا سنگھ کے بارے میں سوالوں کے جواب دیے۔ فائل فوٹو: سکرین گریب
بالی وڈ کے اداکار سیف علی خان کی امریتا سنگھ کی محبت اور اس کے بعد شادی طویل عرصے تک اخبارات کی زینت بنتی رہی اور پھر اُن کے درمیان علیحدگی کو اس سے بھی زیادہ بڑی خبر تھی جس کو میڈیا نے ہفتوں زیرِبحث رکھا۔
دونوں کی پہلی ملاقات اُس وقت ہوئی تھی جب سیف علی خان فلم ’بے خودی‘ کے سیٹ پر تھے۔ راہل راوالی کی رومانوی فلم کو سیف علی خان کی پہلی یا ڈیبیو موودی بننا تھا مگر اس سے پہلے کہ وہ سینما کے پردے پر آتے وہ خبروں میں آ گئے۔
سیف علی خان اور ہدایتکار راہل راوالی ایک ساتھ نہ چل سکے اور اُن کی جگہ فلم میں دوسرے اداکار کو کاسٹ کر لیا گیا۔ لیکن اس فلم کے سیٹ پر سیف علی خان کی اُس وقت کی مشہور اداکارہ امریتا سنگھ سے ملاقات نے دونوں کی زندگی بدل دی۔
شاید یہ ملاقات سیف علی خان کی زندگی کا ’ٹرننگ پوائنٹ‘ تھی کیونکہ اس سے قبل کہ وہ کسی فلم میں ہیرو کے طور پر سامنے آتے دونوں محبت میں گرفتار ہوئے اور سنہ 1991 میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
جس طرح ہر شادی شدہ جوڑے کی زندگی میں اُتار چڑھاؤ آتے ہیں سیف اور امریتا بھی شادی کے بعد سرد و گرم حالات سے گزرتے رہے اور پھر اس کا اختتام طلاق پر ہوا۔
ٹوئنکل کھنہ اور کاجول کے ساتھ ٹاک شو ’ٹو مچ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اداکار سیف علی خان نے اپنی پہلی شادی کے حوالے سے کچھ انکشافات کیے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ امریتا سنگھ نے اُن کی زندگی پر انمٹ نقوش چھوڑے۔ ’میں نے اس حوالے سے بہت کچھ کہا ہے، اور یقینی طور پر 21 سال بہت کم عمری ہوتی ہے۔ چیزیں بہت بدل جاتی ہیں۔‘
سیف علی خان کا کہنا تھا کہ ’ہم جانتے ہیں کہ معاملات نہ چل سکے، لیکن ہمارے دو بہت باکمال بچے ہیں۔ میرا نہیں خیال کہ میں نے اس سے قبل اس پر بات کی ہو کہ امریتا کا میری زندگی کا کردار کتنا اہم رہا۔‘
اداکار نے کہا کہ ’انہوں نے مجھے فلم انڈسٹری میں آگے بڑھنے کے لیے راستہ سمجھنے میں مدد کی، اور اسی طرح کئی چیزیں سمجھنے میں مدد ملی۔‘

امریتا سنگھ اور اُن کی بیٹی سارہ علی خان کی فائل فوٹو

سیف علی خان نے کہا کہ ’اُس وقت امریتا سنگھ کی اعانت اور مدد بہت بڑا اثاثہ تھی۔ دونوں کے درمیان بہت چھوٹی سی چیز تھی جو نہ چل سکی۔‘
اس دوران میزبان کاجول نے درمیان میں کہا کہ ’لیکن انہوں نے آپ کو بہت اچھی طرح رکھا اور اوپر لائیں۔‘ جواب میں سیف علی خان نے بتایا کہ ’وہ چند بہت اہم اور سیکھنے والے سال تھے، جیسا کہ میں نے کہا وہ بہت اچھی ماں ہیں۔ میں خوش قسمت ہوں، میرا خیال ہے کہ میری سابقہ اہلیہ اور میرا وقت بہت اچھا گزرا۔ ہم عموما اہم چیزوں پر گفتگو کرتے رہتے ہیں۔ اور جس وقت میں ہسپتال کے بستر پر تھا تب بھی بات ہوئی۔‘
سیف علی خان نے اس موقع پر قہقہ لگاتے ہوئے کہا کہ ’یہ عام طور ہوتا رہتا ہے، اور ہاں، ہم مستقل رابطے میں رہتے ہیں۔‘

 

شیئر: