Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 اتحاد ریلوے، پیسنجر ٹرین کا دبئی سے فجیرہ تک ٹیسٹ ٹرپ

2026 تک پسنجر ٹرانسپورٹ سروس شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے (فوٹو: وام)
امارات کے وزیرِ مملکت برائے فارن ٹریڈ ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی نے دبئی کے القدرہ سے فجیرہ  کے درمیان اتحاد ریلوے کی پیسنجر سروس کے آغاز سے قبل ٹیسٹ ٹرپ کیا ہے۔
 اتحاد ریلوے کے سی ای او شادی ملک اور سینئر حکومتی حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔
یاد رہے امارات کے قومی ریل نیٹ ورک کے ڈویلپر اور آپریٹر ’اتحاد ریل‘ نے 2026 تک پسنجر ٹرانسپورٹ سروس شروع کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
وام کے مطابق یہ اقدام متحدہ عرب امارات کے ایک محفوظ، جدید اور مؤثر ریل نیٹ ورک فراہم  کرنے کے عزم کے مطابق ہے۔
اتحاد ریل نیٹ ورک، مغربی سرحد پر واقع السلہ سے مشرقی ساحل پر فجیرہ تک 11 شہروں اور علاقوں کو ٹرین سروس سے جوڑے گا۔
ہرٹرین میں 400 مسافروں کی گنجائش ہے، روزانہ متعدد ٹرپس ہوں گے۔ 2030 تک مسافروں کی سالانہ تعداد 36.5 ملین تک پہنچنے کا امکان ہے۔
اتحاد ریلوے کی پیسنجر سروس، اس کے کارگو نظام کے ساتھ مل کر 2030 تک سالانہ 6 کروڑ ٹن سے زائد سامان کی ٹرانسپورٹیشن کرے گی۔
 ریلوے نیٹ ورک 900 کلومیٹر طویل ہے، جو غویفات سے فجیرہ تک وسیع ہے۔ امارات کی اہم بندرگاہوں،خلیفہ، جبل علی اور الرویس پورٹ کو صنعتی مراکز سے منسلک کرتا ہے۔ 
اس موقع پر اماراتی وزیر ڈاکٹر ثانی الزیودی نے کہا کہ’ نیا پیسنجر نیٹ ورک امارات کے ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کو وسعت دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔‘
انہوں نے کہا’ یہ تاریخی انفرا سٹرکچر پروجیکٹ پہلے ہی انڈسٹریل زون، پورٹس اور ٹرانسپورٹ ہب کے درمیان کارگو کی تیز رفتار ترسیل کو ممکن بنا چکا ہے۔‘
یہ منصوبہ آئندہ 50 برسوں میں امارات کی معیشت کو تقریباً 145 ارب درہم کا حصہ ڈالے گا جس سے نیو جنریشن ریل سیکٹر میں امارات کی ایک اہم منزل کے طور پر پوزیشن مضبوط ہوگی۔

 

شیئر: