Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اتحاد ریل: پسنجر ٹرین سے دبئی سے ابوظبی کا سفر صرف 57 منٹ میں

ہرٹرین کو 400 مسافروں کی گنجائش کےلیے ڈیزائن کیا گیا ہے (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات کے قومی ریل نیٹ ورک کے ڈویلپر اور آپریٹر ’اتحاد ریل‘ نے 2026 تک پسنجر ٹرانسپورٹ سروس شروع کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
وام کے مطابق یہ اقدام متحدہ عرب امارات کے ایک محفوظ، جدید اور مؤثر ریل نیٹ ورک فراہم  کرنے کے عزم کے مطابق ہے۔
 یہ نیٹ ورک شہروں اور کمیونٹیز کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے میں مدد دینے کے ساتھ  بین الاقوامی معیار کے مطابق مسافروں کی ضروریات کو بھی پورا کرے گا۔
اتحاد ریل موبیلٹی کی نائب سی ای او عزا السویدی نے بتایا ’ ڈیجیٹل ٹکٹ فرسٹ‘ کی اپروچ کو اپناتے ہوئے پسنچر ٹرینوں میں آرام دہ سفر، قابلِ اعتماد نظام اور مناسب کرایوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا’ ریل نیٹ ورک سڑکوں سے الگ راستوں پر بنایا جا رہا ہے تاکہ حادثات کے خطرات کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔‘

بین الاقوامی معیار کے مطابق مسافروں کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا (فوٹو: ایکس اکاونٹ)

پسنجر ٹرین سروس بروقت اور قابل اعتماد ٹائم شیڈول فراہم کرے گی۔ ابوظبی سے دبئی کا سفر200 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے صرف 57 منٹ جبکہ ابوظبی سے فجیرہ کا سفر 105 منٹ، ابوظبی سے الرویس تک کا سفر 70 منٹ میں طے ہوگا۔
ہرٹرین کو 400 مسافروں کی گنجائش کےلیے ڈیزائن کیا گیا ہے، روزانہ متعدد ٹرپس ہوں گے۔ ٹرین کی کوچز میں مسافروں کو کام کرنے، پڑھنے یا آرام کے لیے علیحدہ سپیس فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا ’ملک بھر میں 11 شہروں اور علاقوں کو ٹرین سروس سے جوڑا جائے گا، جن میں السلہ، الرویس، المرفا، ابوظبی، دبئی، الشارجہ، الذید اور فجیرہ شامل ہیں۔‘

11 شہروں اور علاقوں کو ٹرین سروس سے جوڑا جائے گا (فوٹو: ایکس اکاونٹ)

ہائی سپیڈ ریل پروجیکٹ کے حوالے سے انہوں نے وضاحت کی’ یہ ابوظبی اور دبئی کو 350 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جوڑے گا، جس سے دونوں شہروں کے درمیان سفر صرف 30 منٹ میں طے کیا جا سکے گا۔‘
یہ منصوبہ آئندہ 50 برسوں میں امارات کی معیشت کو تقریباً 145 ارب درہم کا حصہ ڈالے گا جس سے نیو جنریشن ریل سیکٹر میں امارات کی ایک اہم منزل کے طور پر پوزیشن مضبوط ہوگی۔

 

شیئر: