Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض انٹرنیشنل بک فیئر 2025 میں بچوں کا پویلین، تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے کا مرکز

ریاض انٹرنیشنل بک فیئر 2025 میں بچوں کا پویلین ایک خوش رنگ نخلستان کے طور پر اُبھرا ہے۔ یہاں ہر چیز اس طریقے سے تیار کی گئی ہے کہ بچے اسے پسند کریں اور ان کا تخیل اڑان بھرے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ پویلین ایک ایسا ثقافتی اور تعلیمی گوشہ ہے جہاں بچے سیکھنے کے ساتھ ساتھ خوشی بھی محسوس کرتے ہیں۔ یہ بچوں کی معصومیت اور سیکھنے کے جذبے کو خوبصورتی سے ایک ساتھ پیش کرتا ہے۔
ادب، اشاعت اور ترجمہ کمیشن کے زیرِ اہتمام یہ پویلین خاندانوں اور دیگر مہمانوں کے لیے ایک اہم مقام بن گیا ہے۔ یہ بچوں کے لیے تعلیمی، ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں کا ایک مکمل تجربہ پیش کرتا ہے جو ان کے ذہنوں کو روشن کرتا ہے اور انہیں کتابوں اور علم سے محبت سکھاتا ہے۔ یہ سب ایک محفوظ اور دلچسپ ماحول میں ہوتا ہے جو ان کی عمر اور ضرورتوں کے مطابق بنایا گیا ہے اور ان کی معصومیت کی خوشی مناتا ہے۔
یہ پویلین تین ماہ سے لے کر دس سال تک کی عمر کے بچوں کے لیے بنایا گیا ہے، یہ پویلین بچوںں کی دلچسپیوں اور سیکھنے کی صلاحیت کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔ ان حصوں میں ریڈنگ زون، ڈرائنگ اور کلرنگ کارنر، ڈیزائن کارنر، ادبی چیلنجز کا کارنر، سپیس کارنر، اینی میشن کارنر، اور ہنر، آرٹ اور ورثے کا کارنر شامل ہیں۔
اس کے علاوہ بچوں کے لیے ایک تھیٹر بھی موجود ہے جہاں ایک دلچسپ اور تعلیمی انداز میں ثقافتی ڈرامے اور شاعری کی محفلیں پیش کی جاتی ہیں۔ یہ سب سرگرمیاں بچوں کو نہ صرف سیکھنے میں مدد دیتی ہیں بلکہ ان کی اپنی ثقافت سے جُڑنے کا احساس بھی مضبوط کرتی ہیں۔

یہ پویلین روزانہ کی بنیاد پر بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ایک اہم مرکز کا کردار ادا کررہا ہے، جہاں تعلیمی اور مہارت بڑھانے والی ورکشاپس منعقد کی جاتی ہیں۔ یہ ورکشاپس بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیتی ہیں، خود سے سیکھنے کے رجحان کو مضبوط کرتی ہیں اور مختلف ادبی و تفریحی انداز کے ذریعے مطالعے کی جانب رغبت دلاتی ہیں۔
ان سرگرمیوں کو بچوں کی ذہنی اور تعلیم کے عمر کے مراحل کو مدِظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے، تاکہ وہ بااعتماد بنیں اور اپنی زبان و فن سے جُڑی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں اُجاگر کر سکیں

شیئر: