شمالی کوریا میں فوجی پریڈ، امریکہ کے کسی بھی حصے کو نشانہ بنانے والے میزائل کی نمائش
ہفتہ 11 اکتوبر 2025 16:46
شمالی کوریا کے خبر رساں ادارے کے سی این اے کے مطابق ملک کے سربراہ کم جونگ اُن نے ایک بہت بڑی فوجی پریڈ کا معائنہ کیا جس میں نئے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کی نمائش کی گئی۔ یہ پریڈ بین الاقوامی مہمانوں کی موجودگی میں کی گئی۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ فوجی پریڈ جمعے کی رات شروع ہوئی اور حکمران جماعت ورکرز پارٹی کے قیام کی 80 ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے منعقد کی گئی۔ اس سے قبل جمعرات کو بھی اس سلسلے میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔
پریڈ کے دوران چینی وزیراعظم لی چیانگ، روس کے سابق صدر دمتری میدویدیف، اور ویتنام کی کمیونسٹ پارٹی کے سربراہ تو لام، کم جونگ اُن کے ہمراہ موجود تھے۔
فوجی پریڈ میں جو ہتھیار دکھائے گئے اُن میں شمالی کوریا کا جدید ترین ہواسونگ-20 بین البراعظمی بیلسٹک میزائل شامل تھا، جسے کے سی این اے نے ملک کا ’طاقتور ترین جوہری سٹریٹجک ہتھیار‘ قرار دیا ہے۔
ہواسونگ میزائل سیریز نے شمالی کوریا کو امریکہ کے کسی بھی حصے کو نشانہ بنانے کی صلاحیت دی ہے، تاہم اب بھی اس کے گائیڈنس سسٹم اور جوہری وارہیڈ کی فضائی ری اینٹری کی صلاحیت پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
اس میزائل کی نمائش کے حوالے سے کارنیگی انڈاؤمنٹ فار انٹرنیشنل پیس سے وابستہ ماہر انکیت پانڈا کا کہنا ہے کہ ’ہواسونگ-20 اس وقت شمالی کوریا کی طویل فاصلے تک جوہری ہتھیار پہنچانے کی خواہشات کی معراج ہے۔ ہمیں توقع ہے کہ یہ نظام رواں برس کے اختتام سے قبل تجربے کے مرحلے میں داخل ہو گا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ نظام ممکنہ طور پر ایک سے زائد وارہیڈز لے جانے کے لیے تیار کیا گیا ہے، جو امریکی میزائل دفاعی نظام پر دباؤ ڈالے گا۔‘
جنوبی کوریا کے انسٹی ٹیوٹ برائے قومی اتحاد سے وابستہ ماہر ہونگ مِن نے بتایا کہ پریڈ میں شامل دیگر ہتھیاروں میں ہائیپرسونک بیلسٹک میزائل، کروز میزائل، نئے طرز کا راکٹ لانچر اور خودکش ڈرونز کے لانچرز بھی شامل تھے۔
کے سی این اے کے مطابق پریڈ کے دوران کم جونگ اُن نے خطاب کرتے ہوئے بیرون ملک خدمات انجام دینے والے شمالی کوریائی فوجیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
انہوں نے کہا کہ ’ہماری فوج کی شجاعت نہ صرف شمالی کوریا کے دفاع میں دیکھی جائے گی بلکہ سوشلسٹ تعمیر کے ہر محاذ پر بھی نمایاں ہو گی۔‘
’ہماری فوج کو ایسی ناقابل شکست قوت بننا چاہیے جو ہر خطرے کو تباہ کر دے۔‘
