امریکی وزریرخارجہ مارکو روبیو اور مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے سنییچر کو غزہ کی تعمیر نو سے متعلق شرم الشیخ سمٹ کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا ہے جس کی صدارت امریکی اور مصری صدور مشترکہ طور پر کریں گے۔
مصری وزارت خارجہ نے بیان میں کہا’ رابطے کے دوران علاقائی صورتحال، مسئلہ فلسطین اور غزہ میں جنگ کے خاتمے کےلیے جاری کوششوں پر بات کی گئی۔‘
مزید پڑھیں
دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ سمٹ کے انتظامات، بین الاقوامی شرکت اور غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا۔
امریکی وزیرخارہ نے شرم الشیخ سمٹ کو ایک’ منفرد تاریخی ایونٹ‘ قرار دیا۔ انہوں نے تاریخی معاہدے کے حوالے سے مصر کے اہم کردار کی تعریف کی۔
مصری وزیرخارجہ نے جنگ بندی کے تمام مراحل پر عملدرآمد کی نگرانی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اس معاہدے سے خطے، خصوصا فلسطینی عوام کے لیے نئی امید پیدا ہوئی ہے۔
ڈاکٹر بدرعبدالعاطی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مسئلہ فلسطین کا دو ریاستی فارمولے کی بنیاد پر جامع حل خطے میں دیرپا استحکام، امن اور سلامتی کےلیے ضروری ہے۔
یاد رہےغزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گذشتہ ماہ پیش کردہ 20 نکاتی امن منصوبے کے بعد سامنے آیا، جو اتوار کو مشرق وسطیٰ کا دورہ کرنے والے ہیں۔
مصر اس معاہدے کی تکمیل پر ایک تقریب کی تیاری کر رہا ہے، جبکہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے میں یرغمال بنائے گئے 47 افراد کے اہل خانہ اب بھی اپنے پیاروں کی واپسی کے منتظر ہیں۔