شرم الشیخ میں قطری وفد کو ٹریفک حادثہ، تین افراد ہلاک
اتوار 12 اکتوبر 2025 9:49
’قطری وفد کو شرم الشیخ کے کانفرنس سینٹر کے قریب سڑک حادثے کا سامنا کرنا پڑا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
شرم الشیخ شہر میں ایک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں غزہ سے متعلق شرم الشیخ مذاکرات میں شریک قطری وفد کے تین ارکان ہلاک ہوگئے جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
العربیہ چینل کے مطابق وہاں موجود نمائندے نے ہفتے کے روز اطلاع دی کہ قطری وفد کو شرم الشیخ کے کانفرنس سینٹر کے قریب سڑک حادثے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
مصری سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ’حادثہ اس وقت پیش آیا جب وفد کے ارکان اپنی رہائش گاہ سے ایک سرکاری اجلاس کے مقام کی طرف جا رہے تھے کہ ان کی گاڑی بین الاقوامی کانفرنسز کے علاقے کی طرف جانے والی ایک مرکزی سڑک پر دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی‘۔
ذرائع نے مزید بتایاہے کہ ’زخمیوں کو فوری طور پر شرم الشیخ انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں ضروری طبی امداد دی جا رہی ہے جبکہ مصری حکام نے حادثے کی وجوہ اور تفصیلات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں‘۔