سعودی ٹیم کے لیے ورلڈ کپ 2026 کے امکانات روشن
اتوار 12 اکتوبر 2025 10:53
’سعودی ٹیم کو ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے صرف ایک ڈرا درکار ہے‘ ( فوٹو: سبق)
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرنے کا موقع اب صرف سعودی عرب اور عراق کی ٹیموں کے درمیان محدود ہو گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق دونوں ٹیمیں ایشیائی پلے آف کے گروپ ’بی‘ میں شامل ہیں اور ان کا مقابلہ منگل کی شام جدہ میں کنگ عبداللہ سپورٹس سٹی کے الانماسٹیڈیم میں متوقع ہے۔
عراقی ٹیم نے ہفتے کی شام انڈونیشیا کے خلاف ایک سخت مقابلے میں 1-0 سے کامیابی حاصل کی جس کے بعد انڈونیشیا ورلڈ کپ کے لیے براہِ راست یا بین الاقوامی پلے آف کے ذریعے کوالیفائی کرنے کی دوڑ سے باہر ہو گیا۔
دوسری جانب سعودی ٹیم کے لیے آئندہ میچ کا ہدف واضح ہے، اسے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے صرف ایک ڈرا درکار ہے کیونکہ اسے گول کے فرق میں عراقی ٹیم پر برتری حاصل ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے انڈونیشیا کو 3–2 سے شکست دی تھی جبکہ عراق نے اسی ٹیم کو 1–0 سے ہرایا۔
اس طرح سعودی ٹیم کو گول کے لحاظ سے برتری حاصل ہے اور منگل کے میچ میں اسے دو امکانات میسر ہیں، جیت یا کسی بھی نتیجے کے ساتھ برابری، دونوں صورتوں میں وہ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لے گا۔