خلاف ورزیوں پر فضائی کمپنیوں اور افراد پر 48 لاکھ ریال کے جرمانے
’فضائی کمپنیوں پر 237 خلاف ورزیوں پر 45 لاکھ ریال جرمانے عائد کئے گئے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی محکمہ شہری ہوا بازی نے رواں سال 2025 کی تیسری سہ ماہی کے دوران فضائی کمپنیوں، اداروں اور افراد کے خلاف 246 خلاف ورزیوں کا اندراج کرتے ہوئے مجموعی طور پر 48 لاکھ ریال کے جرمانے عائد کئے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’237 خلاف ورزیاں ہوائی کمپنیوں کے خلاف درج کی گئیں جنہوں نے مسافروں کے مطلوبہ سفری دستاویزات کی درست تصدیق کئے بغیر سفر کی اجازت دی یا انتظامی ہدایات کی خلاف ورزی کا ارتکاب کیا ہے‘۔
’ان خلاف ورزیوں پر 45 لاکھ ریال سے زیادہ کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’4 خلاف ورزیاں ایسی کمپنیوں پر کی گئیں جنہوں نے عملی ضوابط کی پابندی نہیں کی‘۔
’ان کمپنیوں پر 2 لاکھ 60 ہزار ریال کا مجموعی جرمانہ لگایا گیا ہے‘۔
’جبکہ تین مزید خلاف ورزیاں مطلوبہ معلومات فراہم نہ کرنے پر ہوئی ہیں، جن پر 75 ہزار ریال کے جرمانے لگے ہیں‘۔

محکمے نے کہا ہے کہ ’انفرادی خلاف ورزیوں میں ایک واقعہ بغیر اجازت ڈرون کے استعمال کا ریکارڈ کیا گیا ہے جس پر ایک ہزار ریال کا جرمانہ عائد ہوا ہے‘۔
’جبکہ ایک اور شخص کو لائسنس کی تجدید کے دوران غلط معلومات فراہم کرنے پر 10 ہزار ریال کا جرمانہ کیا گیا ہے‘۔
محکمہ شہری ہوا بازی نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام اقدامات شفافیت اور ضوابط کی پاسداری کو فروغ دینے کے لیے کیے جا رہے ہیں تاکہ ملک میں مسافروں کے تجربے کو بہتر بنایا جا سکے اور ہوائی نقل و حمل کے شعبے کی کارکردگی کو مزید بلند کیا جا سکے۔