سعودی انٹرنیشنل ہینڈی کرافٹ ویک جسے ’بنان‘ بھی کہا جاتا ہے، کا تیسرا ایڈیشن 13 سے 26 نومبر وزیرِ ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان کی زیرِ سرپرستی ریاض میں منعقد ہوگا۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس ایونٹ میں 40 سے زیادہ ممالک کی شرکت متوقع ہے۔ اس کے علاوہ 400 سے زیادہ مقامی دستکار اور 20 پارٹنر بھی شریک ہوں گے۔
مزید پڑھیں
یہ ایونٹ 2025 کو’دستکاری کا سال‘ کے طور پر منائے جانے کا ایک حصہ ہے جس کا مقصد مقامی کاروباری افراد کو بااختیار بنانا اور مارکیٹ میں ان کی موجودگی کو بڑھانا اور ہنر کا بہتر استعمال کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
نومبر میں منائے جانے والے ہفتۂ دستکاری میں چین اعزازی مہمان کے طور پر شرکت کرتے ہوئے دستکاری کے ہنر میں اپنی قوم کی شاندار روایات کی نمائش کرے گا۔
شہزادہ بدر نے جو سعودی ہیرٹِج کمیشن کے چیئرمین بھی ہیں، اعلان کیا ہے کہ شام اس ایونٹ میں پہلی مرتبہ شریک ہوگا اور اپنے روایتی آرٹ اور پروڈکٹس کو دنیا کے سامنے نمائش کے لیے پیش کرے گا۔

اس ایونٹ میں ’دستکاروں کا گھر‘ انیشیٹِیو پر بھی توجہ مرکوز رہے گی جو مملکت میں ہنرمند کاریگروں کو تعاون فراہم کرتا ہے۔
سعودی ہینڈی کرافٹ ویک عالمی سطح پر غیرمعمولی اہمیت اختیار کرچکا ہے۔ ’بنان‘ کے دو ایڈیشن کی مقبولیت کا اندازہ شرکا کی تعداد سے لگایا جا سکتا ہے جس میں تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کرگئی تھی۔
سال 2024 کے ہینڈی کرافٹ ویک میں دو اعشاریہ پانچ ملین ریال کا بزنس ہوا۔ پہلے ایڈیشن میں 12 ممالک کے فنکاروں نے شرکت کی جبکہ گزشتہ برس 25 ممالک کے دستکار اس میں شریک ہوئے۔

ہیریٹج اتھارٹی کی جانب سے سعودی وژن 2030 کے اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے مقامی دستکاری کو فروغ دینے کے لیے ’بنان‘ ویک کا سالانہ بنیادوں پر انعقاد کیا جاتا ہے جس کا مقصد مملکت کی دستکاری کی صنعت کو عالمی سطح پر متعارف کرانا اور فنکاروں کے فن کو نمایاں کرنا ہے۔
بنان دستکاری ویک میں مقامی اور عالمی دستکاری کی مصنوعات پیش کی جائیں گی جبکہ اس موضوع پر مختلف ورکشاپس کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
خصوصی پویلین ’ایئرآف ہینڈی کرافٹ انیشیٹیو 2025 ‘ کے عنوان سے قائم کیا جائے گا اس کے علاوہ ننھے دستکاروں کے لیے جگہ مخصوص کی گئی ہے۔