بھیانک چہرے اور خوفناک ماحول: ’ہورر کون 2025 ‘ فیسٹیول جدہ میں شروع
جمعہ 17 اکتوبر 2025 11:40
جدہ میں ’ہورر کون 2025 ‘ (دہشت میلے) کا آغاز ہو چکا ہے جس میں پانچ نومبر تک ہر عمر کے وہ شائقین شریک ہوں گے جنھیں دہشتناک اور خوف زدہ کرنے والی چیزیں پسند ہیں۔
منتظمین کہتے ہیں کہ اس ریجن میں سب سے بڑے دہشت کے اس فیسٹیول کے دوران شائقین کو بھوت بنگلے جیسے تجربات سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔ اس کے علاوہ ان کے لیے دہشت کے موضوع والی گیمز اور ایسی دلچیسیوں کا سامان فراہم کیا جائے گا جو سننسی کو پسند کرنے والوں کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔
اس فیسٹیول میں آنے والے بھوت بنگلوں، ہوش اڑا دینے والی بھول بھلیوں اور ایسے مشاغل کی توقع کر سکتے ہیں جنھیں ان کے اعصاب کا امتحان لینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ سٹیج پر لائیو پرفارمینس بھی ایونٹ کا حصہ رہیں گے۔
دہشت کے فیسٹیول کے آغاز پر پہلے دن ہی شائقین کی لمبی قطاریں نظر آئیں۔
29 برس کے محمود البعدانی نے فیسٹیول میں اپنے دوست شاکر کے ساتھ شرکت کی لیکن ’ہورر کون‘ میں داخلے سے ذرا پہلے عرب نیوز سے گفتگو میں کہا کہ انھیں انتظار ہے کہ دہشت کے اس تہوار میں حیران کُن چیزیں ان کے سامنے آئیں گی۔
’ہم نے محسوس کیا کہ ہم دونوں یہاں سب سے پہلے پہنچے ہیں اور اس بے مثال ایونٹ میں شرکت کر رہے ہیں۔ میں نے بحرین میں بھی ’ہورر کون‘ میں شرکت کی تھی اور مجھے امید ہے کہ جدہ کا دہشت میلہ بھی اتنا ہی دلچسپ ہوگا جتنا کہ بحرین والا تھا۔‘

محمود کے دوست شاکر نے جو دہشت اور خوف کے موضوعات پر بننے والی فلموں کے زبردست شیدائی ہیں کہا ’ہم سننی خیز اور خوف زدہ کرنے والے تجربات کے منتظر ہیں۔‘
اس دہشت میلے میں شریک ہونے والوں میں عبدالرحمٰن التمیمی بھی اپنے دو بچوں کے ساتھ شریک تھے۔
التمیمی نے کہا ’ہم نے سوچا کہ پہلے دن ہی فیسٹیول میں چلے جاتے کہ زیادہ ہجوم نہیں ہوگا۔ پہلے ہمیں ’ہورر ہوسپیٹل‘ کا تجربہ ہوا جس میں لطف آیا۔ ہمیں توقع تھی کہ یہاں ڈرانے والی چیزیں ہوں گی لیکن ہمارے لیے یہ سب کچھ اوسط درجے کا تھا۔ امید ہے اس تہوار میں دہشتناک زونز دیکھنے کو ملیں گے۔‘

جدہ کورنش میں آٹھ بھوت بنگلے بنائے گئے ہیں اور ہر بھوت بنگلے کو ایسے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ لگے جیسے شائقین، خوف و دہشت کی مختلف دنیاؤں میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
فیسٹیول میں شائقین کو جو آٹھ تجربات ملیں گے ان کے نام یوں رکھے گئے ہیں: ’ایسکیپ‘، ’فیلڈ میز‘، ’ہورر ہوسپیٹل‘، ’قاعد سٹیشن‘، ’قلات ویڈرین‘، ’دا کلاؤن‘، ’دا ڈیڈ زون‘ اور ’دا فارم‘۔
ہورر کون میں ڈراؤنی چیزیں صرف دیکھنے یا سننے کو ہی نہیں ملیں گی بلکہ یہاں کھانے پینے کی اشیا کو بھی دہشت کے موضوع سے نسبت ہوگی۔