پاکستانی فورسز نے افغانستان میں ٹی ٹی پی کے حافظ گل بہادر گروپ کو نشانہ بنایا: سکیورٹی ذرائع
پاکستان کے سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ فورسز نے افغابستان کے سرحد پر تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے حافظ گل بہادر گروپ کو ’انتہائی درستی سے فضائی حملوں کا نشانہ‘ بنایا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ حملے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی میں توسیع کے اعلان کے بعد جمعے اور سنیچر کی درمیانی شب کیے گئے ہیں۔
پاکستان کا موقف ہے کہ حافظ گل بہادر گروپ افغانستان سے متصل شمالی وزیرستان میں واقع ایک فوجی کیمپ پر خودکش حملے میں ملوث تھا جس کے نتیجے میں متعدد پاکستانی فوجی اور پیرا ملٹری اہلکار جان سے گئے تھے۔
ایک سینیئر طالبان عہدے دار نے اے ایف پی کو اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’پاکستان نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے اور پکتیکا صوبے میں تین مقامات پر بمباری کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’افغانستان اس کا جواب دے گا۔‘
پکتیکا کے صوبائی ہسپتال کے ایک عہدے دار نے اے ایف پی کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ان حملوں میں 10 شہری ہلاک اور 12 زخمی ہوئے جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب افغانستان کرکٹ بورڈ نے اے ایف پی کو بتایا کہ اس علاقے میں ایک ٹورنامنٹ کے لیے موجود تین کھلاڑی ہلاک ہو گئے جبکہ اس سے قبل آٹھ افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی گئی تھی۔
افغان کرکٹ بورڈ نے یہ بھی کہا کہ وہ آئندہ ماہ پاکستان کے ساتھ ہونے والی سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے دستبردار ہو رہا ہے۔
